طیارہ حادثہ،ذمہ داروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر
کراچی (آن لائن) پی آئی اے طیارہ حادثے کا مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں پی آئی اے طیارہ حادثہ کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی، درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ایف آئی آر کے اندراج کے ساتھ تمام ریکارڈ بھی تفتیشی افسر کو فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس ذمہ داروں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کررہی جو معاملات کو مشکوک کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے ذمہ دار وزیر ہوا بازی غلا م سرور،چیف کنٹرولر اور چیئرمین پی آئی اے ہیں۔ ان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے اور ساتھ ہی ساتھ تفتیشی افسروں کو تمام تر ریکارڈ فراہم کیا جائے۔یہ بات بھی قابل غوررہے کہ کراچی میں مسافر طیارہ گرنے کے حادثے کی تحقیقات ابھی تک مکمل نہیں ہو ئیں۔اور طیارہ حادثے میں گم شدہ وائس ریکارڈر نہ مل سکا ہے۔
سانحہ کراچی طیارہ