ٹیلی ٹی وی وقت کا ضیاع، بچوں کی تعلیم متاثر، سکول فوری کھولے جائیں

  ٹیلی ٹی وی وقت کا ضیاع، بچوں کی تعلیم متاثر، سکول فوری کھولے جائیں

  

اسلام آباد (این این آئی)کورونا وائرس کے باعث تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش سے والدین کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو گیا ہے اور انہوں نے ملکی تعلیمی اداروں کو فی الفور کھولنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ زیرتعلیم بچوں کے والدین کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان پیرنٹس ایسوسی ایشن نے حکومتی جاری کردہ ٹیلی ٹی وی کو وقت کا ضیاع قراردیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے ہونے والا نقصان کورونا سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے، جولائی میں گرمی بڑھ جانے سے سکول جانا مشکل ہو جائے گا اور جو والدین بچوں کو ازخود سکول بھیجنا چاہتے ہیں انہیں منع نہ کیا جائے بصورت دیگر بچوں کا قیمتی سال ضائع ہو جائے گا۔جمعرات کو آل پاکستان پیرنٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد چیپٹرکے آرگنائزر ڈاکٹر اشتیاق احمد اور کوآرڈینیٹر سردار خورشید اختر کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تعلیمی ادارے کھولے جائیں تاکہ مارکیٹوں اور بازاروں میں گھومنے کی بجائے یہ بچے سکولوں میں جائیں اور ان کا تعلیمی سال بھی ضائع نہ ہو۔ٹیلی ٹی وی بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا نہیں کر پا رہا بلکہ ان کا قیمتی وقت ضائع کرنے کا موجب بن رہا ہے۔ملک میں اکثر سرکاری اور غیرسرکاری دفاتر اور بازار کھل چکے ہیں دوسری جانب دنیا کے کئی ممالک نے بھی بچوں کے تعلیمی ادارے کھول دئیے ہیں ایسے میں پاکستانی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کا اعلان کرے کیونکہ جولائی میں گرمی کی شدت زیادہ ہوگی بچوں کو سکول بھیجنا مشکل ہو جائے گا۔ حکومت ان بچوں کو سکولوں میں آنے کی لازمی اجازت دے جن کے والدین انہیں ازخود سکولوں میں بھیجنے پر رضامند ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -