اپوزیشن موجودہ حالات میں سیاست کے ”ٹڈی دل“ کا کردار ادا کر رہی ہے: عثما ن بزدار

    اپوزیشن موجودہ حالات میں سیاست کے ”ٹڈی دل“ کا کردار ادا کر رہی ہے: عثما ن ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے ”ٹڈی دل“کا کردار ادا کررہی ہے، پاکستانی قوم اپوزیشن رہنماؤں کے منفی رویے سے مایوس ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملتان سے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر سمیت منتخب نمائندوں کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں ملتان کے ترقیاتی پیکیج کے تحت مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت اور کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن کورونا پر بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آئی۔ حکومت کے بروقت اورمثبت اقدامات کو شہریوں نے سراہا ہے، بد قسمتی سے اپوزیشن کے پاس کورونا سے نمٹنے کا کوئی پلان نہیں، یہ عناصر ماضی کی طرح صرف بلند وبانگ دعوے ہی کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا،ٹڈی دل اور دیگر چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں۔ عوام کے تعاون سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں کورونا سے نمٹنے کیلئے سیاسی و انتظامی ٹیم متحرک ہے، کورونا اور”ٹڈی دل“ کے خلاف کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی گئی جبکہ کورونا کے خلاف کامیابی کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے لہٰذاشہریوں کو احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرنا چاہئے۔علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار عاطف مزاری کے قتل کے واقعہ پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -