نواز شریف نے بھاری معاشی پیکیج ٹھکرا کر ملکی دفاع مضبوط بنایا: شہبا ز شریف

            نواز شریف نے بھاری معاشی پیکیج ٹھکرا کر ملکی دفاع مضبوط بنایا: شہبا ...

  

لاہور/اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں نواز شریف نے بھاری معاشی پیکیج کو ٹھکرایا،ملکی دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا‘ملک کوایٹمی طاقت بنانے کے لیے اپنی جانوں کو خطروں میں ڈالا گیا‘ایٹمی پروگرام میں ساتھ دینے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں،ملکی تاریخ میں ایٹمی دھماکوں کے فیصلے کو یاد رکھا جائے گا‘ ہم پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنائیں گے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے،سب نے مل کر تمام چیلنجز کا سامنا کرنا ہے‘پاکستان سمیت دنیا بھر کو کورونا نے لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ان کیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں شہبا زشر یف نے کہا کہ 28مئی1998کو مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک کو نیا استحکام بخشا، پاکستان نے بھارت کے 5ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کئے۔ شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاق کا بنیادی کام ملکی ترقی کو بڑھانا ہوتا ہے، ایک سال میں 4فیصد ترقی کی شرح میں کمی ہوئی۔اگر ہم اپنی معیشت کو نہ بچا سکے تو دشمن ہم پرحاوی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک کمیشن بنا دیں کہ ملک میں ایٹم بم کس نے بنایا اور کس کا کیا تعلق تھا،لیکن مجھے ڈر ہے کہ رپورٹ میں آئے گا کہ نیوکلیئر بم وزیراعظم عمران خان اور ان کے وزرا نے بنایا ہے،20 سال بعد نیب آکر پوچھتی ہے کہ تمہا رافیصلہ غلط تھا،ہمیں آج یہ سوچنا پڑے گا کہ ہم نے ملک کیسے چلانا ہے،آپ کی معیشت آپ کی ایٹمی قوت کی ضامن ہے معیشت کمزور ہو گی تو ملک کمزور ہو گا،کورونا نے ساری دنیا کی معیشت کو تباہ کردیا، ہم ایٹمی قوت بننے کا چیلنج قبول کر سکتے ہیں تو یہ چیلنج بڑا نہیں،ن لیگ واحد جماعت ہے جو ان معاملات کو سمجھتی ہے،ہم نے بدقسمتی سے تاریخ کو مسخ کر دیا ہے،نواز شریف کی قیادت واحد قیادت ہے جو پاکستان کو ترقی دے سکتی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ آج ہر قومی ادارہ وزیراعظم عمران خان کی نفرت کی بھینٹ چڑھ کر عوام کی نظر میں عزت کھو چکا ہے، یوم تکبیر پر نیب اعلامیے جاری کر رہا ہے، نیب نے ہمارے خلاف مقدمات تیز کرنا کا پلان بنایا ہے، ہم ان دھمکیوں اور جھوٹے مقدموں سے خاموش نہیں ہونگے اور نہ پیچھے ہٹیں گے۔رانا ثنااللہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کے بعد دفاع پاکستان کا دن بہت اہم ہے،موجودہ حکومت اس دن کو منانے سے کیوں شرماتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن پاکستان محفوظ ہوا،بیرونی جارحیت کو پہلے ہمت ہوئی نہ اب ہمت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طورپر مضبوط کرنے کیلئے نوازشریف نے فارمولا دیا کہ ووٹ کو عزت دو، ووٹ کو عزت دو کا مطلب نہیں کہ ووٹ ہمیں دو،عزت دینے کا مطلب ووٹ کے فیصلے کو تسلیم کرو۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہی کچھ ہوتارہا تو خدانخواستہ ہمیں دوبارہ بڑا نقصان نہ ہوجائے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئیخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ22 برس قبل بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں نوازشریف نے دھماکے کرکے ناقابل تسخیر بنایا،ایٹمی دھماکوں کا کریڈیٹ ذوالفقار علی بھٹو،ضیا الحق اور آخر میں نوازشریف کو جاتا ہے جبکہ ایٹمی ملک کا کریڈیٹ ڈاکٹر عبد القدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند اور ان سائنسدانوں کو جاتاہے جو گمنام ہیرو ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چینی و آٹے پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا کسی نے نہیں پوچھا،حکمران سیاست کے نام پر احتساب کاکتنا ڈرامہ رچائیں گے۔ سینئر رہنماء سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ملائیشیا میں عمران خان ایک فون کال پر کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کیلئے ڈھیرہوگیا۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ فاٹا کو پاکستان میں شامل کیا جو علاقہ غیر کہلاتاتھا،کچھ لوگ افواج پاکستان اور سیاسی قیادت میں تفریق ڈالتے ہیں لیکن انہیں یہ یاد رکھنا چائیے کہ افواج پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں۔لیفٹیننٹ جنرل(ر) ملک عبدالقیوم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ریاست کا تحفظ طاقت کے برابر ہونے سے ہوسکتاہے اور نوازشریف نے جنوبی ایشیا میں طاقت کو برابر کیا۔

شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -