سینئر اداکار و پروڈیوسرمدثر حسن قاسمی 56برس کی عمر میں انتقال کرگئے

  سینئر اداکار و پروڈیوسرمدثر حسن قاسمی 56برس کی عمر میں انتقال کرگئے

  

لاہور(فلم رپورٹر)ٹیلیوژن کے معروف سینئر اداکار و پروڈیوسرمدثر حسن قاسمی 56برس کی عمر میں انتقال کرگئے مرحوم دوماہ سے علیل ہونے کے باعث پہلے فیصل آباد اور بعد ازاں لاہور کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ گزشتہ شب خالق حقیقی سے جاملے۔مدثر حسن قاسمی اداکاری کے ساتھ ساتھ شعبہ درس وتدریس سے بھی وابستہ تھے اس کے ساتھ ساتھ ان کو سوشل ویلفیئر کے کاموں میں بھی خصوصی دلچسپی تھی۔برطانیہ کے شہر لندن میں پیدا ہونے والے مدثر حسن قاسمی نے فن اداکاری کا آغاز 1981ء میں پی ٹی وی لاہور مرکز کے پروڈیوسر انیلہ شاہین کے ڈرامے سے کیا۔پی ٹی وی کے ڈرامے ”پورے چاندکی رات“سے ان کو بے پناہ شہرت ملی اس ڈرامے میں انہوں نے رانا افضل کا کردار ادا کیا تھاجبکہ پی ٹی وی کے لیجنڈ پروڈیوسر ڈائریکٹر راشد ڈار کی بین الاقوامی شہرت کی حامل ڈرامہ سیریز ”اندھیرا اجالا“نے مدثر حسن قاسمی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔مرحوم کے نانا میجر (ر)افضل خان بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ملٹری سیکرٹری اور ان کے والد مولانا جعفر قاسمی کا شمار ملک کے چند نامور ادیبوں،کالم نگار اور دانشوروں میں کیا جاتا تھا۔یاد رہے کہ مولانا جعفر قاسمی نے کئی سال تک بی بی سی لندن اردو سروس میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔مرحوم نے لواحقین میں اہلیہ رفعت فاطمہ،محمد احمد مجید اور روشن بختاور سوگوار چھوڑے ہیں۔

مدثر حسن قاسمی

مزید :

صفحہ اول -