فلور ملوں نے آٹے کی قیمت ازخود بڑھا دی، 20کلو کا تھیلا 875روپے میں فروخت

  فلور ملوں نے آٹے کی قیمت ازخود بڑھا دی، 20کلو کا تھیلا 875روپے میں فروخت

  

لاہور(این این آئی)بعض فلور ملوں نے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں اچانک اضافہ کر دیا،20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 805سے بڑھا کر 875روپے کردی گئی،فائن آٹے اور میدہ کی بوری کی قیمت بھی3800روپے سے بڑھ کر 4300روپے ہو گئی۔دوسری جانب محکمہ خوراک پنجاب نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا فلور ملوں کو سرکاری گندم کے اجرا کا مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا ہے جبکہ فلور ملز ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک کے مابین گندم کی قیمت کے تناسب سے آٹے کی قیمت طے کرنے کیلئے اجلاس میں فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق مذاکرات میں طے پایا تھا کہ آئندہ چند روز میں سینئر وزیر اور ایسوسی ایشن کے مابین آٹے کے نئے نرخوں کا تعین کیا جائے گا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک پنجاب کو آگاہ کیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 1600روپے سے بڑھ گئی ہے، اس کے مطابق آٹے کی قیمت مقررکی جائے کیونکہ زائد نرخوں پر گندم خرید کر سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی ممکن نہیں۔اس امر کا اظہار پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمد نے گزشتہ روز ڈائریکٹرفوڈ پنجاب سے ملاقات میں کیا۔ عاصم رضا احمد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صوبے میں گندم کی نئی فصل کی نقل وحمل پر پابندی کے باعث اور فلور ملوں کے گندم کے سٹاک کو سرکاری تحویل میں لئے جانے کے باعث آٹے کی صورتحال خراب ہوئی ہے۔اس وقت فلور ملوں کے پاس 72گھنٹے کے لئے گندم کا سٹاک موجود نہیں۔ اگر محکمہ خوراک پنجاب میں آٹے کی سرکاری قیمت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے تو فلور ملوں کو سرکاری گندم کا اجرا ء کیا جائے جس کو محکمہ خوراک پنجاب نے ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

آٹا مہنگا

مزید :

صفحہ اول -