کورونا وائرس نے شوبز انڈسٹری کو شدید متاثر کیا، کامران جیلانی
لاہور (فلم رپورٹر)سینئر اداکار کامران جیلانی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں کرونا وائرس کی وجہ سے دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح شوبز انڈسٹری بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اگر یہ صورتحال مزید ایک ماہ جاری رہی تو چھوٹے فنکاروں کے بعد بڑے فنکاروں کے معاشی حالات بھی بگڑ جائیں گے کام نہ ہونے کی وجہ سے آمدن بند ہے اور اخراجات جاری ہیں۔کامران جیلانی نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کا بیڑہ اٹھانے سے پہلے ہمیں خود کو ٹھیک کرنا ہو گا،جب ہم اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں گے تو معاشرے میں خود بخود سدھار آتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم برائیوں کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال کر خود کو بری الذمہ سمجھتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ دنیا میں ترقی یافتہ قوموں کی وجہ ان کے شہریوں کا احساس ذمہ داری ہے، وہ رات گئے اہلکار نہ ہونے کے باوجود بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہیں اور ان ممالک میں جرم کرنے پر بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں پروٹوکول کا کوئی تصور نہیں اور اسی وجہ سے ان ممالک کے شہری بھی اپنی حکومتوں سے خوش نظر آتے ہیں۔