پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو بھارت بہت پہلے چڑھائی کر چکا ہوتا،شاہ محمود

  پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو بھارت بہت پہلے چڑھائی کر چکا ہوتا،شاہ محمود

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو بھارت اب تک چڑھائی کر چکا ہوتا، دنیا ایل او سی پر بھارت اور چین کے درمیان تنازع کو دیکھ رہی ہے، بھارت 2022 تک متنازع علاقے میں فضائی اڈٖے قائم کرنا چاہتا ہے۔ جمعرات کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو بھارت بہت پہلے چڑھائی کر چکا ہوتا اس حوالے سے بھارت کے خطے میں عزائم واضح ہیں، بھارت کی تمام پالیسیاں واضح ہوتی جا رہی ہیں ان پالیسیوں سے پورے خطے کا امن و استحکام متاثر ہو رہا ہے پہلے پاکستان شکایت کرتا تھا جبکہ اب چین کے ساتھ بھی سرحدی تنازعہ کھڑا ہو چکا ہے۔ بھارت متنازع علاقے میں سڑکوں کا جال بچھانے کا منصوبہ رکھتا ہے جسے وہ فضائی اڈوں کی تعمیر سے عملی جامعہ پہنانا چاہتا ہے۔ یہ صورتحال چین کو قبول نہیں اس لئے انہوں نے رد عمل کا اظہا کیا ہے،بھارت اور چین سرحد پر تنازعے کا ذمہ دار بھارت ہی ہے۔ امریکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کو پیش کش کر چکا ہے جس سے بھارت نے انکار کیا تھا اور تیسرے فریق کی مداخلت کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔ اب امریکہ نے بھارت کو دباؤ میں دیکھ کر چین کو بھی ثالثی کی پیش کش کی ہے لیکن دیکھنا ہو گا کہ دونوں ممالک اس آفر کو قبول کرتے ہیں یا نہیں، اگر بھارت قبول کر بھی لے تو یہ دوہرا معیار ہو گا کہ وہ چین کے ساتھ تصفیہ طلب مسائل پر تو ثالثی قبول کرے لیکن پاکستان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ثالثی سے راہ فرار اختیار کرتا ہے۔ قبل ازیں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا نے گزشتہ سال فروری میں بھارتی جارحیت کا مظاہرہ دیکھا لیکن ایٹمی طاقت کے طور پر ہمارا رویہ ذمہ دارانہ رہے گا۔ ہمسائے ملک میں دقیانوسی، انتہا پسندانہ سوچ والوں کی حکومت ہے۔ خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا تقاضا ہے کہ پاکستان خطرات سے چوکنا رہے، خطرات ہمسائے کی طرف سے خطے میں غلبے کی خواہش کے باعث ہیں۔ 5 اگست کے اقدام سے خطے کی صورتحال کو مزید غیر یقینی بنا دیا گیا، ایل او سی پر حالیہ کشیدگی بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا نے گزشتہ سال فروری میں بھارتی جارحیت کا مظاہرہ دیکھا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا متوازن اور ذمے دارانہ جواب دیا کیونکہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ایٹمی طاقت کے طور پر ہمارا رویہ ذمہ دارانہ رہے گا۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -