بزرگ شہری کے قتل میں ملوث میاں بیوی اور چیک سے 39لاکھ بٹورنے والا جعلساز گرفتار
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر) انویسٹی گیشن پولیس کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 80سالہ بزرگ شہری کو قتل جبکہ اس کی بیوی اور بیٹے کو شدید زخمی کرنے والے میاں بیوی سمیت نجی بینک کے جعلی چیک تیار کر کے 39 لاکھ روپے کی رقم نکلوانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن علی بن طارق کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن عدنان رشید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قتل اور اقدام قتل کی سنگین واردات میں ملوث میاں بیوی کو گرفتارکر لیا ہے۔ملزمان نے فائرنگ کر کے بزرگ شہری قاری عثمان کو قتل جبکہ مقتول کی بیوی مریم سلطانہ اور بیٹے عتیق الرحمان کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ ملزمان چند روز قبل لین دین کے تنازع پر رائفل سے اندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہو گئے تھے۔ ملزمان کی فائرنگ سے 80سالہ بزرگ شہری قاری عثمان موقع پر ہلاک ہو گیا تھا جبکہ مقتول قاری عثمان کی بیوی مریم سلطانہ اور بیٹا عتیق الرحمان شدید زخمی ہو گئے تھے۔پولیس ٹیم نے ملزم غلام محمد اور اس کی بیوی زیب النساء کو گرفتار کرکے آلہ قتل رائفل قبضہ میں لے لی ہے۔ اسی طرح انویسٹی گیشن پولیس غالب مارکیٹ نے کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک کے جعلی چیک تیار کر کے کیش کروانے والے ملزم فاروق عرف جوزف مسیح کو چیک کیش کرواتے ہوئے گرفتارکر لیا ہے۔ملزم نجی بینک کے جعلی چیک تیار کر کے 2دن کے اندر شہری کے اکاؤنٹ سے اب تک مختلف بینک کی برانچوں سے 39لاکھ روپے کی رقم نکلوا چکا ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید خان نے کامیاب کارروائیوں پر ہڈیارہ اور غالب مارکیٹ کی پولیس ٹیموں کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔