مسلم لیگ (ن) سندھ کے زیر اہتمام یوم تکبیرپروقار انداز میں منایا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے زیر اہتمام یوم تکبیر کی 22ویں سالگرہ انتہائی سادگی اور پروقار انداز میں منائی گئی۔اس موقع پر سندھ کے تمام اضلاع اور ڈویژنز میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ(ن)سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ اور جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ28 مئی 1998 وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کا جواب 6 ایٹمی دھماکے کرکے دیاتھا۔اس طرح پاکستان دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بن گیا۔ ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سر ہے۔ محمد نوازشریف کے فیصلے نے بھارتی غرور اور تکبر بلوچستان کے تاریخی مقام چاغی پر جلا کر خاک کردیا تھا۔پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے جوہری عمل کا آغاز ذوالفقارعلی بھٹو نے شروع کیاتھا جبکہ اس صلاحیت کے عملی اظہار کا دلیرانہ فیصلہ قائد محمد نوازشریف نے عالمی دباؤ کو رد کرتے ہوئے کیا۔ اس پروگرام کو خون جگر دینے والے تمام اکابرین قوم، ماہرین، سائنسدان، قابل قدر شخصیات اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ وہ محبان وطن ہیں جنہوں نے مادروطن کے سر کی چادر کو کسی بھی لالچ، دباؤ یا ذاتی مفاد پر ہمیشہ مقدم رکھا۔ یہ سب ہمارا فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے بعد محمد نواز شریف کی قیادت میں اس وقت کی مسلم لیگی حکومت نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی پر قابو پانے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنے وژن کے مطابق کام کررہی تھی کہ طالع آزماں نے ایک جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر ملک کو ترقی کے سفر سے دور کردیا۔