آل پاکستان پرا ئیو یٹ سکولز مینجمنٹ کا سکولوں کی مسلسل بند ش پر تشویش کا اظہار

آل پاکستان پرا ئیو یٹ سکولز مینجمنٹ کا سکولوں کی مسلسل بند ش پر تشویش کا ...

  

ایبٹ آباد (نامہ نگار)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینیجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی کے ڈویژنل صدر ابرار احمد خان نے سکولوں کی مسلسل بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایبٹ آباد سے معروف ماہر تعلیم عرفان طالب کے ساتھ وڈیو کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مناسب فیصلہ جلد از جلد لے اور عدم توجہی کی بنا پر نجی تعلیمی اداروں کی بندش سے پیدا ہونے والی صورت حال کا ادراک کرے۔ عرفان طالب نے اس بات پر زور دیا کہ ہم پڑھے لکھے طبقے کی نہ صرف نمائیندگی کرتے ہیں بلکہ وطن عزیز کے نونہالوں کی تعلیم تربیت کا بیڑہ بھی ہم نے اٹھا رکھا ہے۔ لہذا ہمیں ہر قسم کے ایسے احتجاج سے باز رہنا چاہیے جس سے نئی نسل کو منفی پیغام ملے۔ مزید براں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بچوں کی صحت سب سے زیادہ عزیز ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا خطرہ مول لینے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔حالات کی بہتری تک نجی ادارے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور منفی سوچ کی حوصلہ شکنی کرتے رہیں گے۔ ابرار احمد خان نے کہا کہ خدا کے فضل سے بچوں میں کرونا وائرس کا کوئی کیس دنیا بھر میں ابھی تک منظر عام پر نہیں آیا لیکن اس کے باوجود ہمیں احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ہم کسی بھی صورت بچوں کی صحت داؤ پر نہیں لگا سکتے۔ دونوں ماہرین تعلیم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور اس سے قبل جو سفارشات وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس اور وفاقی وزیر حماد اظہر کو پیش کی جا چکی ہیں ان پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے چیف سیکریٹری پنجاب کے نام خط کا بھی ذکر کیا اور مطالبہ کیا کہ چیف سیکریٹری پنجاب اپنی اولین فرصت میں وزیر اعظم کی جانب سے مانگی گئی سفارشات نجی اداروں کے نمائیندوں سے مشاورت کے بعد جلد از جلد روانہ کریں تاکہ نجی اداروں کے معاشی مسائل حل کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سکولوں میں ٹیسٹنگ اور بخار چیک کرنے کے آلات جیسے کہ ٹمپریچر گن، سینیٹایزر گیٹ اور بچوں کے لئے فیس ماسک وغیرہ مفت مہیا کئے جائیں تاکہ نجی ادارے ضابطوں کا خیال رکھتے ہوئے تعلیمی سرگرمیاں شروع کر سکیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -