نوجوان کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا
پشاور(کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے گزشتہ ہفتے رات کی تاریکی میں نوجوان کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم نے گزشتہ ہفتے قریبی دوست مقتول بہادر شیر کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد لاش اراضیات اچینی بالا میں پھینکی تھی جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران ذاتی رنجش کی بنیاد پر مقتول بہادر شیر کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی خان شیر ولد طاہر شاہ سکنہ اچینی بالا نے تھانہ سربند پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے بیٹے بہادر شیر بعمر 30 سال کو کسی نامعلوم ملزمان نے رات کی تاریکی میں قتل کرنے کے بعد اس کی لاش اراضیات اچینی بالا میں پھینک دی ہے جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس پی صدر ڈویژن عبدالسلام خالد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی بڈھ بیر گران اللہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سربند مثل خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا خصوصی ٹیم نے جدید سائنسی پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی شروع کرنے کے ساتھ ساتھ مقتول کے قریبی دوستوں کو بھی شامل تفتیش کیا جس کے دوران مقتول کے قریبی دوست ملزم داؤد ولد خانی گل سکنہ اچینی بالا کے حرکات و سکنات کو مشکوک جان کر اس کو انٹاروگیٹ کرنے کا فیصلہ کیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران مقتول بہادر شیر کو ذاتی عناد پر قتل کرنے کا اعتراف کر لیا جس کے قبضہ اسلحہ پستول بھی برآمد کر لیا گیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔