آئی سی سی چیئرمین کی مسند کیلئے جوڑ توڑ میں تیزی مگر کس امیدوار کی لابی مضبوط ہو گی؟ دلچسپ تفصیلات جانئے

آئی سی سی چیئرمین کی مسند کیلئے جوڑ توڑ میں تیزی مگر کس امیدوار کی لابی مضبوط ...
آئی سی سی چیئرمین کی مسند کیلئے جوڑ توڑ میں تیزی مگر کس امیدوار کی لابی مضبوط ہو گی؟ دلچسپ تفصیلات جانئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیئرمین کی کرسی کیلئے جوڑ توڑ میں تیزی کا امکان ہے تاہم کس امیدوار کی لابی مضبوط ہو گی، ابھی اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین ششانک منوہر آئندہ مدت کیلئے امیدوار نہیں ہوں گے جبکہ آئین کے مطابق موجودہ ڈائریکٹرز میں سے ایک اور گزشتہ 6 سال سے عہدے پر نہ رہنے والا کوئی سابق ڈائریکٹر بھی امیدوار بن سکتا ہے، انگلش بورڈ کے چیئرمین کولن گریوز کو سب سے مضبوط امیدوار خیال کیا جا رہا تھا اور انہیں بھارتی لابی کی حمایت حاصل ہونے کی توقع بھی کی جا رہی تھی مگر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) عہدیداروں کی جانب سے اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کے بیانات سے صورتحال تبدیل ہوتی نظر آ رہی ہے۔

بھارت کی جانب سے سارو گنگولی کا نام لیا جارہا ہے لیکن ان کی مخالفت کرنے والے بھی موجود ہیں،عدالتی حکم کی وجہ سے سری نواسن بی سی سی آئی کی جانب سے نامزد نہیں کئے جا سکتے لیکن سابق ڈائریکٹر ہونے کی وجہ سے الیکشن لڑنے کے اہل ہیں، وہ اب بھی خاصے بااثر اور ان کے حق میں بھی کافی لوگ موجود ہیں،کرکٹ ساﺅتھ افریقہ کے ڈائریکٹر گریم سمتھ نے سارو گنگولی کی حمایت کردی تو صدر کرس نینزانی مخالفت میں سامنے آ گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ بھی امیدوار میدان میں اتار سکتا ہے، سنگاپور کے عمران خواجہ اس وقت آئی سی سی کے وائس چیئرمین ہیں لیکن انہیں ایسوسی ایٹ ممالک کی بھی حمایت حاصل ہونے کا امکان نہیں، بھارتی حمایت کے بغیر وہ انتہائی کمزور امیدواروں میں شامل ہوں گے اور اس صورتحال کے پیش نظر جوڑ توڑ میں خاصی تیزی آنے کا امکان ہے۔

مزید :

کھیل -