”میں نے خود دیکھا کہ شعیب اختر کے باﺅنسر کھیلتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے اپنی آنکھیں بند کر لی تھیں“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر محمد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ شعیب اختر کے باؤنسرز کا سامنا کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کی آنکھیں بند ہوا کرتی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر محمد آصف نے 2006ءمیں کھیلے جانے والے کراچی ٹیسٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سچن ٹنڈولکر نے شعیب اختر کی پے درپے باؤنسرز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کرلی تھیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2006ءمیں تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی تھی جس کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں عرفان پٹھان نے پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔
محمد آصف کا کہنا تھا کہ جب میچ شروع ہوا تو عرفان پٹھان نے پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک کرکے ہماری بیٹنگ لائن پر دباؤبڑھا دیا تھا لیکن کامران اکمل نے سنچری سکور کرتے ہوئے ٹیم کا سکور بڑھانے میں مدد دی اور اس طرح پاکستان پہلی اننگز میں 240 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکا لیکن جب باﺅلنگ شروع ہوئی تو شعیب اختر نے برق رفتار گیندیں کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں امپائر کے قریب کھڑا تھا اور میں نے دیکھا کہ شعیب اختر کے ایک یا دو باﺅنسرز کا سامنا کرتے ہوئے ٹنڈولکر نے اپنی آنکھیں بند کر لی تھیں، ہم نے بھارت کو پہلی اننگز میں 240 رنز بھی نہیں بنانے دئیے اور پوری بھارتی ٹیم صرف 238 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
محمد آصف کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 599 رنز بنائے، فیصل اقبال نے شاندار 139 رنز کی اننگز کھیلی ، بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں بھی 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور ہم نے میچ 341 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔