فنکاروں کی وظیفے کی رقم میں اضافہ کیاجائے،انعام خان

فنکاروں کی وظیفے کی رقم میں اضافہ کیاجائے،انعام خان

  

لاہور(فلم رپورٹر)آرٹسٹ ایکیوٹی آف پاکستان کا ایک ہنگامی اجلاس گلبرگ میں ہوا جس میں سینئر فنکاروں نے شرکت کی جن میں انعام خان،جاوید رضوی،پرویز رضا،عذرا آفتاب،جاوید رضا اور راجہ ناصر نے شرکت کی۔اس  موقع پر میزبان انعام خان نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کو ملنے والا ماہانہ وظیفہ جو کئی ماہ نہیں ملا تھا وہ اب یکمشت مل جائے گا جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ پانچ ہزار روپے کی رقم کسی بھی فنکار کے لئے ناکافی ہے جس میں فوری طور پر اضافہ کیا جائے۔ہم صدر پاکستان کے بھی شکر گزار ہی جنہوں نے ہمارے مطالبات سنے اور انہیں جلد پورا کرنے کا وعدہ کیا انعام خان نے مزید کہا کہ ہم بہت جلد آرٹسٹ ایکیوٹی آف پاکستان کی رجسٹریشن کا عمل کرالیں گے جس کے بعد با ظابطہ عہدے داروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا صدر مملکت عارف علوی سے سینئر فنکاروں کے وفد کی کامیاب ملاقات ہوئی تھی۔

 انہوں نے ہمارے مطالبات غور سے سنے اور ان کو جلد از جلد پورا کرنے کا وعدہ کیا ہے عارف علوی نے ہماری باتیں جس مثبت انداز سے سنیں اس کے لئے ہم ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔جاوید رضوی نے کہا کہ فنکاروں کو ملنے والی رقم وظیفہ نہیں بلکہ اعزازیہ ہے جس میں اضافہ ضروری ہے پرویز رضا نے کہا کہ اگر فنکارنہ ہوتے تو شاید آج شوکت خانم ہسپتال بھی نہیں ہوتا کیونکہ فنکاروں نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہمیشہ پیار اور تعاون کیا ہے۔عذرا آفتاب نے کہا کہ کے پی کے اور بلوچستان میں فنکارو کو تیس ہزار روپے سے زائد رقم ملتی ہے جبکہ کہ پنجاب میں رقم بہت کم ہے ہمیں وظیفہ نہیں کام چاہیے جب فنکاروں کے پاس کام ہوگا تو کسی کو بھی حکومت سے مانگنے کی ضرورت نہیں پیش آئے گی۔جاوید رضا نے کہا کہ بے شمار فنکار اور تکنیک کار حکومتی بے حسی کی وجہ سے دنیا ہی چھوڑ گئے ہیں جو چند باقی ہے انہیں مرنے سے بچایا جائے۔راجہ ناصر نے کہا کہ حکومت فنکاروں کو فوری طور پر ہیلتھ کارڈ جاری کرے تاکہ وہ با آسانی اپنا علاج کرواسکیں۔

مزید :

کلچر -