پاکستان اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا، صدر مملکت 

پاکستان اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کیلئے اپنا کردار جاری رکھے ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا بھر میں امن، خوشحالی، ہم آہنگی اور کثیر الجہتی برقرار رکھنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کردار کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین سمیت عالمی مسائل کے حل کیلئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدروولکان بوزکر سے ملاقات میں کیا۔ صدر نے عالمی تعلقات میں اقوام متحدہ کے تمام پلیٹ فارمزپر اخلاقیات، برداشت، انصاف اور سچائی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اسلاموفوبیا جیسے نسلی تعصب کی تمام موجودہ اقسام سے نمٹا جا سکے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر کو عالمی ایشوز پر بالخصوص امت مسلمہ کو درپیش مسائل موثر طور پر اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب میں جنرل اسمبلی کے صدر کو ہلال پاکستان کا ایوارڈ عطا کیا گیا تھا۔اس موقع پر عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا تھا کہ باوجود اس کے کہ سلامتی کونسل نے حالیہ ہفتوں میں فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف کوئی بیان تک نہیں دیا۔ جنرل اسمبلی میں مظلوم عوام کی آواز کو سنا گیا اور پاکستان کی کوششوں سے سیز فائر کو یقینی بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے اڑھائی سو سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جبکہ دوسری طرف صرف پانچ اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ ہم اقوام متحدہ سے توقع کرتے ہیں کہ وہ دنیا کو درپیش بڑے عالمی مسائل کے حل میں مدد دے، اسی صورت عالمی امن قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیر سمیت عالمی مسائل کے حل کیلئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ وولکن بوزکر نے ہلال پاکستان ایوارڈ عطا کئے جانے پر اقوام متحدہ، ترکی اور اپنی جانب سے پاکستان کے ساتھ اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر گزشتہ ہفتہ پاکستان کی قیادت کی نیویارک آمد پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی جانب سے کوئی اقدام نہ اٹھایا گیا مگر جنرل اسمبلی دنیا کی آواز بن کر ابھری۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک میں سے پاکستان ایک بڑا کردار ادا کر سکتا ہے اور ہم فلسطین اور افغانستان کے مسائل کے حل میں مدد کیلئے بھی پاکستان سے بڑی توقعات کررہے ہیں۔ 

صدر مملکت

مزید :

صفحہ آخر -