ملک کو لوٹنے اور عوام کو دھوکا دینے والوں کا یوم حساب قریب آگیا، سراج الحق 

ملک کو لوٹنے اور عوام کو دھوکا دینے والوں کا یوم حساب قریب آگیا، سراج الحق 

  

  

لاہور (آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ الیکشن شفاف ہوئے تو سرپرائز دیں گے۔ ملک کو لوٹنے اور عوام کو دھوکا دینے والوں کا یوم حساب قریب آ گیا۔ پی ٹی آئی نے پوری کوشش کی کہ بیڈ گورننس اور لوٹ مار میں سابقہ حکومتوں کا ریکارڈ توڑے اور وہ اس میں کامیاب رہی۔وزیراعظم کے معیشت میں بہتری کے دعوے گراؤنڈ پر نظر نہیں آتے۔ عوام رُل گئے، مہنگائی نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیاہے۔ جماعت اسلامی ملک کی تمام قومی اور صوبائی سیٹوں پر اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان کے ساتھ حصہ لے گی۔ کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں۔ آئندہ الیکشن میں نوجوانوں اور نئے چہروں کو بھرپور موقع دیں گے۔ پرامید ہوں لوگ اب کی بار جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دیں گے۔ آزمائے ہوئے لوگوں کو مزید آزمانا ملک کے مقدر سے کھیلنے کے متراد ف ہو گا۔ ہمارا ماضی اور حال سب کے سامنے ہے، عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستان کو اسلام کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں۔ یقین محکم ہے کہ قرآن و سنت کا نظام ہی نہ صرف پاکستان بلکہ انسانیت کے مسائل کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پنجاب بھر کے امرائے اضلاع کے منصورہ میں پانچ گھنٹے جاری رہنے والے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وسطی، شمالی اور جنوبی پنجاب کے امراء، صوبائی نظم اور سیاسی کمیٹیوں کے صدور سمیت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امراء لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرلز اظہر اقبال حسن، ساجد انور اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔امیر جماعت اسلامی نے ہدایات جاری کیں کہ بلاک کوڈ کی سطح پر جماعت اسلامی یوتھ اور خواتین کی تنظیمیں قائم کی جائیں۔ جماعت اسلامی کی قیادت، اراکین اور کارکنان گلی گلی کوچہ کوچہ قرآن کا پیغام پہنچائیں۔ ہمارا مقصد فرد کے ذریعے معاشرے کی اصلاح ہے۔ جماعت اسلامی ایک پرامن جمہوری انقلاب پر یقین رکھتی ہے۔ ووٹ کے ذریعے ہی پاکستان میں اسلامی نظام لائیں گے اور ملک کو عظیم فلاحی ریاست بنائیں گے۔اجلاس میں فلسطین و کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور دونوں اہم ایشوز پر حکمرانوں کے نرم موقف اور لفظی بیان بازی کے طرز عمل پر شدید تنقید کی گئی۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر مسائل سے نمٹنا ہو گا۔ او آئی سی ایک بہترین پلیٹ فارم ہے،مگر اس کا استعمال موثر طریقے سے نہیں ہو رہا۔

سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -