برآمدی صنعتوں کو تمام وسائل مہیا کریں گے، فرخ حبیب

    برآمدی صنعتوں کو تمام وسائل مہیا کریں گے، فرخ حبیب

  

فیصل آباد(آئی این پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی خوشحالی اور اقتصادی ترقی کیلئے برآمدی صنعتوں کو تمام ضروری وسائل مہیا کئے جائیں گے کیونکہ معاشی خوشحالی کا حصول صرف برآمدی ترقی سے ہی ممکن ہے۔ٹیکسٹائل کی صنعت معیشت کی بنیاد ہے اور اسکی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔انھوں نے یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہی۔  انھوں نے کہا کہ معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی کے وژن کی تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔برآمدی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں دیگر ممالک سے مسابقت کے حصول کیلئے ٹیکسٹائل کی صنعت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔اس مقصد کیلئے برآمدی صنعتوں کو سپیشل ٹیرف پر بجلی و گیس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں مسابقت  کا حصول ممکن ہو سکے۔  انھوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔حکومت ایکسپورٹرز کے مسائل کے فوری حل میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ برآمدات کے بغیر کسی بھی ملک کی ترقی ناگزیر ہے۔حکومت بیرونی سرمایہ کاری کے حصول اور صنعتی ترقی کے وژن پربھی کاربند ہے۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ صنعتی ترقی کا عمل تیزکرنے اور ملک کو خطے کی معاشی قوت بنانے کیلئے ہر شعبہ اپنا کردار ادا کریگا۔

فرخ حبیب

مزید :

پشاورصفحہ آخر -