نوجوان آگے بڑھیں روز گارکمائیں اور دوسروں کے روزگار کا ذریعہ بنیں، مراد سعید
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں پرسرمایہ کاری کر رہی ہے۔ ہم لیپ ٹاپ دینے کے بجائے انہیں ہنر سکھا رہے ہیں۔ پہلی بار کوئی حکومت نوجوانوں کی ضامن بنی ہے تاکہ خوشحال جوان ملکی ترقی میں کردار ادا کر سکے۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام واحد پروگرام ہے جس کی بنیاد نوجوانوں کے آئیڈیاز پر رکھی گئی اور یہ پہلی حکومت ہے جو نہ صرف نوجوانوں کی ضامن بن رہی ہے بلکہ انہیں ہنر مند بنانے کے بعد کاروبار کے لئے قرض بھی فراہم کر رہی ہے، پاکستانی نوجوان با صلاحیت ہیں کامیابی کے لئے درست سمت کا تعین ضروری ہے، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوان آگے بڑھیں خود بھی روزگار کمائیں اور دوسروں کے روزگار کا ذریعہ بنیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویج نمل میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیاب جوان کی بات کریں تو یہ پہلی حکومت ہے جس نے نوجوانوں کو اپنی ترجیحات کا محور بنایا، عثمان ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں کو با صلاحیت بنانے کے وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے کا میاب جوان پروگرام کا کامیابی سے آغاز کیا۔
مراد سعید