مردان کو صاف رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے: انجینئر امیر خان
مردان ( بیورو چیف ) واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجنیئر امیر خان نے کہاہے کہ شہریوں میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے کمپنی نے سیٹزن لیزان سیل کا قیام عمل میں لایا ہے جس کے تحت شہر کے مختلف یونین کونسلوں میں آگاہی سیمینارز منعقد کئے جارہے ہیں۔ مردان کو صاف ستھرا شہر بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔اگر شہری اور تاجربرادری تعاون کریں تو مردان کو صفائی کے حوالے سے ماڈل شہر بنا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انجنیئر امیر خان نے کہاکہ مردان شہر سے روزانہ 160ٹن کچرا اکٹھا کیا جارہا ہے اور اسے محفوظ طریقے سے تلف کیا جاتا ہے۔شہر کے اہم مقامات پر روزانہ دو شفٹوں میں صفائی کی جاتی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 40کلو میٹر نالیوں کو صاف کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مردان کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے تمام ٹیوب ویلوں کے پانی کے نمونے ٹسٹ کئے گئے ہیں جو سورس پر سو فیصد بہتر پائے گئے۔شہریوں کو تین مختلف اوقات میں صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے۔اگر شہری بل بروقت جمع کریں تو سروس کے معیار میں مزید بہتری آسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مردان کے مختلف علاقوں میں ڈس انفیکیشن سپرے کیا جارہا ہے۔مختلف مساجد،گلی کوچوں اور سڑکوں پر بھی کلورینیشن سپرے کیاجارہا ہے جس کے نتیجے میں ماحول کو کورونا وائر س سے پاک کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دستیاب وسائل میں شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ مردان شہر میں پانی کے ضیاع کو روکنے،کچرے کو مختص مقامات پر ڈالنے اور بلوں کی بروقت ادائیگی کے لئے سیٹزن لیزان سیل کا سٹاف فیلڈ میں رہ کر شہریوں میں آگاہی اور شعور اجاگر کررہا ہے۔شہر کے تمام چودہ یونین کونسلوں کے جامع مساجد میں علماء کرام جمعہ خطبات میں پانی کے ضیاع کو روکنے اور صفائی کے حوالے سے بھی شہریوں کو آگاہی دے رہے ہیں جس کے معاشرے پر دو رس نتائج مرتب ہورہے ہیں۔