28مئی کا دن ملکی سلامتی، دفاع اور قومی وقار کی علامت کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے گا، مقررین 

28مئی کا دن ملکی سلامتی، دفاع اور قومی وقار کی علامت کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے ...

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)28 مئی 1998ء کا دن ملکی سلامتی‘ دفاع اور قومی وقارو افتخار کی علامت کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے گا۔ یہ دن پاکستانی قوم بلکہ پوری ملت اسلامیہ کیلئے فخر کا باعث ہے۔ یوم تکبیر کا پیغام یہی ہے کہ ہم ملکی دفاع‘ ترقی اور خوشحالی کیلئے یکسو ہو جائیں اور کسی کو بھی اپنی منزل کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہ دیں۔ یہ دن  ہماری قومی زندگی کا اہم سنگ میل ہے کیونکہ اس دن پاکستان عسکری لحاظ سے ناقابل تسخیراور بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ”یوم تکبیر“کے موقع پر منعقدہ خصوصی آن لائن تقریب کے دوران کیا۔ تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر مملکت اور چیئرمین نظریہئ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کیلئے یومِ فخر ہے کیونکہ اس دن ہم نے دنیا کو باور کرا دیا تھا کہ ہم ایک غیرت مند قوم ہیں جو باعزت طریقے سے سراٹھا کر زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں۔ اُس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کے شدید دباؤ اور ترغیبات کو پاؤں کی ٹھوکر پر رکھ کر بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کر ڈالے اور یوں پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ 28مئی پاکستان کی تاریخ کا عظیم دن ہے۔ اس دن میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تقدیر اور قومی سلامتی کا سب سے بڑا فیصلہ ہوا تھا۔ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام 1974ء میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں شروع ہوااور اسے مکمل کرنے کا شرف1998ء میں میاں نواز شریف کو حاصل ہوا۔ یہ دونوں فیصلے منتخب سویلین جمہوری قیادتوں نے کئے۔ ممتاز صحافی خوشنود علی خان نے کہا کہ یوم تکبیر ”نعرہئ تکبیر“ ہے اور نعرہ تکبیر ہم اس وقت بلند کرتے ہیں جب ہم مسلمان اپنی سرحد پر اپنے دشمن سے دوبدو لڑتے ہیں تو ہمارا نعرہ تکبیر ہوتا ہے،یہ وہ تکبیر ہے۔ اور یہ تکبیر بھی بلند کرنے کیلئے ہمیں بھارت نے مجبور کیا۔ سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ تکبیر اللہ تعالیٰ کی کبریائی کا نام ہے۔ جب ہم یومِ تکبیر کی بات کرتے ہیں تو یہ ہمارے لئے یومِ عزم ہے۔ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ 28مئی ہماری قومی تاریخ کا اہم دن ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے۔ آن لائن پروگرام کے دوران آبروئے صحافت اور سابق چیئرمین نظریہئ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی مرحوم کی 27مئی 2011ء کو ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں ”یوم تکبیر“ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی دکھائی گئی۔

نظریہ پاکستان ٹرسٹ

مزید :

صفحہ آخر -