شکارپورآپریشن میں 3بلٹ پروف گاڑیاں شامل کرنے کافیصلہ

شکارپورآپریشن میں 3بلٹ پروف گاڑیاں شامل کرنے کافیصلہ

  

سکھر(این این آئی)شکار پور میں ڈاکوؤں کیخلاف کئی روز سے جاری آپریشن میں پولیس کی جانب سے اب 3 بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق سکھر رینج میں ڈاکوؤں کیخلاف فیصلہ کن آپریشن کیلئے آئی جی سندھ مشتاق مہر کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ اور ایس ایس پی شکار پور تنویر تنیو نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ شکار پور آپریشن میں جدید ڈبل چادروں والی 3 نئی بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ٹیکسلا سے روانہ ہو چکی ہیں اور 2 روز تک پہنچ جائیں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکوؤں کے خلاف اسمارٹ انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا جائے گا۔اجلاس میں کچے کے علاقے میں موجود دیگر ڈاکووں کے سر کی قیمتیں مقرر کرنے اور جھنگل تیغانی، منیر مصرانی، سبزوئی، جاگیرانی گینگز کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ اور ایس ایس پی شکار پور تنویر تنیو آپریشن کے مشترکہ انچارج ہوں گے جبکہ ایس ایس پی سکھر، ایس ایس پی کندھ کوٹ کشمور، ایس ایس پی گھوٹکی بھی آپریشن میں شریک ہوں گے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر کامران فضل اور آئی جی سندھ مشتاق مہر آپریشن کی نگرانی کریں گے۔

شکار پور 

مزید :

صفحہ اول -