جنوبی پنجاب: میدانی علاقوں پر گرمی کا حملہ بجلی بھی گھنٹوں بند: عوام کا پارہ ہائی 

جنوبی پنجاب: میدانی علاقوں پر گرمی کا حملہ بجلی بھی گھنٹوں بند: عوام کا پارہ ...

  

  

ملتان، وہاڑی، ٹبہ سلطان پور، ڈیرہ، خانیوال(سپیشل رپورٹر، نیوزرپورٹر،بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی، نمائندہ پاکستان، سٹی رپورٹر، بیورونیوز) سورج سوا نیزے پر آگیا،ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت 48ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا،شدید گرمی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہونے لگے،گرمی کی شدت میں کمی لانے کیلئے ٹھنڈ ے مشروبات سمیت دیگر (بقیہ نمبر45صفحہ7پر)

اشیا ء کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔بجلی کی بار بار ٹرپنگ اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگیا ں اجیرن بناکر رکھ دیں۔تفصیل کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے جس کے باعث دن کے وقت معمولات زندگی جام ہوکر رہ گئے ہیں گزشتہ روز جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ گرمی بہاولنگر میں پڑی جہا ں دن کے وقت درجہ حرارت 47.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اسی طرح کوٹ ادو میں 46،رحیمیار خان میں 45.9،ملتان میں 44.6،بہاولپور میں 44،ڈی جی خان میں 43.2،جبکہ کروڑ لعل عیسن میں 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔تاہم دوسری جانب گرمی کی شدت بڑھنے سے ٹھنڈے مشروبا ت سمیت گرمی کی شدت کو کم کرنے والی اشیاء کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ میدانی علاقوں میں قیامت خیز گرمی کے دوران بجلی کی بار بار ٹرپنگ اور لوڈ شیڈنگ میں اضافہ  ہوگیا ہے جس نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کررکھ دی ہے۔ گرد آلود طوفان چلنے سے ملتان میں سہہ پہر کو ہی رات ہوگئی اور اندھیرا چھاگیا۔ طوفانی آندھی چلنے سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔آم کے باغات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔دیہی علاقوں میں آم کاپھل گرنے سے باغبانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بجلی کاترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا اور رات گئے درجنوں علاقے بجلی کی سپلائی بحال نہ ہونے کی وجہ رات گئے تاریکی میں ڈوبے رہے۔ملتان میں 80کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلی۔ گرد کی وجہ سے حد بصارت صفر پر آگئی۔ ہوا میں مٹی اور گرد کے ذرات زیادہ ہونے کی وجہ سے دمہ اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو پریشانی کاسامنارہا۔ نواحی علاقوں میں بارش بھی ہوئی جس کے بعد ملتان سمیت مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ ملتان میں گزشتہ روز گرمی اور حبس رہا۔بادلوں کو گشت بھی جاری رہا۔سہہ پہر میں شمال مغرب سے گرد آلود آندھی کاجھکڑ شروع ہوا جس میں مٹی کاتناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے سورج گرد کی چادر میں چھپ گیا اور اندھیرا چھا گیا۔ سائن بورڈ درخت اکھڑ کر دور جاگرے۔ بجلی کی تاریں گرنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ ملتان شہر میں میپکونواں شہر سب ڈویژن کے علاقوں ابدالی روڈ،سیال روڈ،محلہ شانہ ساز،نیوشاداب کالونی پیراں صاحب کالونی میں میکپو کی بتی گل ہوگئی اور رات گئے بجلی بحال نہ ہوسکی۔ ابدالی روڈ فیڈراور اس سے منسلک علاقوں کے رہائشیوں نے بجلی کانظام درہم برہم ہونے اور پھر بحال نہ ہونے پرشدید احتجاج کیاہے۔ پرانا شجاع آباد روڈ پر نیاز ٹاؤن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی رات گئے تک بجلی بحال نہ ہوسکی۔ بخش والا موضع بچ،چک دوفیض لاڑ،حسووالا اور قادر پورلاڑ میں بھی بجلی بند رہی۔ آندھی سے آم کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔وہاڑی شہروگردونواح گزشتہ کئی روزسے گرمی کی شدیدلپیٹ میں ہے درجہ حرارت44 درجہ سینٹی گریڈتک جاپہنچاہے سورج نے آگ برساناشروع کردی ہے اوریوں لگتاہے کہ جیسے سورج سوانیزے پرآیاہواہے جس کی وجہ سے سڑکیں سنسان ہو گئیں  جس کی وجہ سے عوام شدیدپریشان ہیں گرمی کے ستائے ہوئے  لوگ گھروں میں محصور ہو گئے شہریوں کاکہناہے کہ ہم  لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں بندہیں اورذہنی پریشانیوں کاشکارہیں  اس کے علاوہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بھی کافی پریشانی کاسامناکرناپڑتاہے  گرمی کی شدت کی وجہ سے مریضوں،بچوں اوربزرگوں کوشدیدمشکلات کاسامناہے جس کی وجہ سے لوگ بارش کیلئے دعائیں بھی مانگ رہے ہیں۔ ٹبہ سلطان پورمیں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی واپڈاکی جانب سے شہر میں طویل غیراعلانیہ لوڈ شیڈ نگ کا سلسلہ بھی دھڑلے کے ساتھ شروع کردیا گیا کئی کئی گھنٹے مسلسل بجلی کی بندش سے صارفین گرمی میں دوہری اذیت میں مبتلاہوچکے ہیں صارفین کاکہنا ہے کہ جس طرح گرمی کی شدت بڑھ رہی ہے اسی انداز سے واپڈاکی جانب سے بجلی کی بندش کر کے عوام کو گرمی میں اذیت دی جارہی ہے بجلی بند ہونے کے باعث لوگوں کے گھروں میں پانی ختم ہوجاتاہے انہوں نے کہا کہ بغیر شیڈول کی بجلی کی بندش کسی بھی صورت صارفین برداشت نہیں کریں گے علاقہ مکینوں اور تاجروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے واپڈ ا کے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ٹبہ سلطان پور میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈ نگ ختم کروانے کا مطا لبہ کیا ہے تاکہ صارفین کو گرمی میں پنکھوں کی ٹھنڈی ہوا کے ساتھ سکون مل سکے۔   ڈیرہ غازیخان میں سارادن شدید گرمی کے بعد شام ہو تے ہی اآسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور شدید آندھی کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا اور ہر طرف جل تھل ہو گیا بارش سے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا جبکہ اکثر علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہو گئی بارش سے لطف اندوز ہو نے کے لئے شہر ی سڑکوں پر نکل آئے جبکہ بچے بھی موسم سے لطف اندوز ہو تے رہے اور سموسوں،پکوڑوں کی دکانوں پر بھی عوام کا کافی رش نظر آیا شہریوں نے باران رحمت پر بھر پور خوشی کا اظہار کیا۔ گرمی میں اضافہ کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،دوپہر کے وقت لو چلنے کے باعث لوگوں کی اکثریت گھروں میں ہی دبکی رہی۔خانیوال میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئی ہے شہر کے متعدد  واٹر فلٹریشن پلانٹس پر بجلی کا متبادل انتظام نہ ہونے کے باعث شہری پانی جیسی بنیادی سہولت کیلئے دھوپ میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے عوامی سماجی حلقوں نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گرمی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -