عمران خان کی حکومت چلانے کیلئے پی پی کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، مصطفی کمال
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین پاکستان سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ میں عوام پر ظلم وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی ناک کے نیچے ہور ہا ہے، عمران خان کی حکومت کو چلانے کے لئے پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت تعصب کررہی ہے، سندھ کی آبادی کے پچا س فیصد لوگ کراچی میں رہتے ہیں اس کے باوجودکراچی کو ڈیڑھ فیصد پانی دینے میں بھی تکلیف ہے۔سندھ کو جو پانی مل رہا ہے اس کا ڈیڑھ فیصد کراچی کو پانی ملتا ہے ۔
سندھ کے شہری علاقوں کے کوٹے پر بھی عمل نہیں ہو رہا،سندھ کے لوگوں کا 40فیصدنوکری کاکوٹہ بھی نہیں دیاجارہا۔شہری کوٹے پرجعلی ڈومیسائل بناکردیہی لوگوں کونوکری دی جارہی ہیں۔لاڑکانہ سے کراچی تک لوگوں کو کتے کاٹ رہے ہیں، سندھ حکومت کا یہ حال ہے کہ کتے کے کاٹنے کی ویکیسین موجود نہیں ہے۔