صحافیوں پر حملے، مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب اسمبلی میں صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر حملوں کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کروا دی گئی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے،صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہئے،موجودہ دور میں صحافیوں پر تشد د اور اغوا کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور حقوق کا بل جلد پارلیمنٹ سے پاس کرایا جائے۔