پانی کا مسئلہ، سندھ حکومت کی وفاق پر الزامات کی بوچھاڑ

پانی کا مسئلہ، سندھ حکومت کی وفاق پر الزامات کی بوچھاڑ
پانی کا مسئلہ، سندھ حکومت کی وفاق پر الزامات کی بوچھاڑ

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر آبپاشی سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے، پانی کا مسئلہ پر تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نااہل وفاقی حکومت سندھ کا حق کبھی تسلیم نہیں کرے گی،پی ٹی آئی حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے اور عوام کو غلط اعداد و شمار دیے جارہے ہیں

 پریس کانفرنس  کرتے ہوئے سہیل انورسیال نے کہاکہ ہم کسی اور کے صوبے کا حق نہیں مانگ رہے بلکہ ہم صرف اپنے حصے کا پانی مانگ رہے ہیں،گذشتہ روز اجلا س میں کہا گیاکہ کوٹری سے گڈو کے درمیان پانی چوری کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی کے وزیر آبپاشی سفید جھوٹ بول رہے ہیں،پی ٹی آئی حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے اور عوام کو غلط اعداد و شمار دیے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 24 مئی کو پنجاب ایری گیشن نے ٹی پی لنک کھولنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا اورسندھ کے مطالبہ کے باوجود پنجاب کےوزیر آبپاشی نےکہاکہ ٹی پی لنک بندنہیں کریں گے،ارساکے تین ممبران نے ٹی پی لنک کھولنے کی مخالفت کی، سندھ کو 1991 کے معاہدے کے تحت پانی دیا جائے،بدین پانی کے لئے تڑپ رہاہے میں سندھ کو اس کے حصے کاپانی دلواکر رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کا بحران روز بہ روز بڑھتا جارہا ہے۔فصلوں کو پانی چاہیئے اور ارسا سندھ کے عوام کی حق تلفی کررہی ہے جب ہم اپنا حق مانگتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ کوٹری سے پانی چوری ہورہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سہیل انور سیال نے وفاقی وزیرڈاکٹر فہمیدہ مرزا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فہمیدہ مرزانے بارشوں میں بھی اپنے علاقے کارخ نہیں کیا،وہاں بلاول بھٹوزرداری گئے ان کوعوام کا درد نہیں،بدین پانی کے لئے تڑپ رہا ہے،یہ لوگ اپنے گھرکے مسئلے سلجھانے میں لگے ہوئے ہیں، ہم جمہوری جماعت ہیں سندھ کے عوام کےجو فیصلہ کریں گے،پیپلز پارٹی اس پر عمل کرے گی، ہم کہہ رہے ہیں کہ واٹر کارڈ کے مطابق پانی دیں ،ہم سندھ کو اس کے حصے کاپانی دلواکررہیں گے، پانی کی قلت کی وجہ سے کراچی میں پینے کا پانی کا بھی مسئلہ پید اہوسکتا ہے۔

ایک اورسوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نیب سکھرکی پریس ریلیز سے نہیں ڈرتے،زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے،میں کورٹ میں بے گناہی ثابت کروں گا،پانی کی کمی کی وجہ سے پینے کے پانی کے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -