مشکل کی گھڑی میں شہباز شریف قوم کو باہر نکالیں گے، مسلم لیگ ن 

مشکل کی گھڑی میں شہباز شریف قوم کو باہر نکالیں گے، مسلم لیگ ن 

  

لاہور(جنرل رپورٹر)نوازشریف نے امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بھرپور جواب دیا تھا،امریکی فرمائش کو نوازشریف نے مسترد کرکے ایٹمی دھماکے کئے،مشکل کی اس گھڑی میں شہبازشریف قوم کو باہر نکالیں گے، پرویز الٰہی کو جو خوش فہمی ہے اسے نکال دیں گے،17جولائی کو لاہور سے چاروں سیٹیں جیت کر مخالفین کو بتا دیں گے قوم کس کے ساتھ ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کے زیراہتمام ایوان وزیراعلیٰ میں ”یوم تکبیر“کے حوالے تقریب کااہتمام کیا گیا۔تقریب میں لیگی رہنماؤں، ارکان اسمبلی اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں خواجہ احمد حسان،شائستہ پرویز ملک،خواجہ عمران نذیر اورخواجہ سلمان رفیق نے شرکت کی۔اس موقع پر یوم تکبیر کا کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ نواز شریف نے آج کے روز پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا تھا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پاکستان کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے والے شخص نے کشمیر اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر کوئی بات نہیں کی،عمران خان کو وقت اور قوم معاف نہیں کرے گی،عمران خان نے عوام کو بلیک میل،سوشل میڈیا پر پراپیگنڈہ کیا، فرح گوگی دولت لوٹ کر فرار ہوئی۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ڈی سیٹ ہونے والوں نے عمران خان کو کسی وجہ سے چھوڑا،تاریخ میں پہلی بار ہوا وزارتوں کو ٹھوکر مارکر پی ٹی آئی والے (ن)لیگ کے ساتھ آئے،عمران خان نے لکھ کر آئی ایم ایف کو دیا کہ پیٹرول بڑھائیں گے،آئی ایم ایف نے کہاکہ جب تک پیٹرول نہیں بڑھے گا اس وقت تک قرضہ نہیں دے گا۔سابق مئیر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے باعث فخر ہے،نواز شریف نے بھارت کے مقابلے میں ایٹمی دھماکے کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔ طارق گل نے کہا کہ یوم تکبیر کا دن نوازشریف کی جرات و ہمت کو سراہنے کا دن ہے، دشمن بھارت کو دھماکے کرکے بتا دیا کہ منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔مہر اشتیاق احمد نے خطاب میں کہا کہ عمران خان جو سڑکوں پر آزادی تلاش کررہے ہیں آزادی 28مئی ہے،نوازشریف نے پاکستان کو ہمیشہ کیلئے محفوظ کر دیاہے۔تقریب سے کرن ڈار،مہر اشتیاق،وحید گل،حاجی امداد حسین،عظمی کاردار،سید توصیف شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مسلم لیگ(ن) 

مزید :

صفحہ آخر -