سپیکر قومی اسمبلی کی مشاورت،پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری پھرموخر

سپیکر قومی اسمبلی کی مشاورت،پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری پھرموخر

  

اسلام آباد (آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اتحادی جماعتوں کی درخواست پر تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری ایک بار پھر چند دنوں کیلئے موخر کردی۔راجہ پرویز اشرف نے اتحادیوں جماعتوں سے مشاورت کی جس میں پی ٹی آئی کے متحرک رہنماؤں کے استعفے منظور کرنے پر غور کیا گیا ہے،سپیکر قومی اسمبلی کو تجویز دی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی،شیریں مزاری،فواد چوہدری،فرخ حبیب،مراد سعید،علی امین گنڈا کے استعفے فوری منظور کرلیے جائیں،استعفوں کی منظوری سے تحریک انصاف پر دباؤ بڑھے گا تاہم اکثریتی اتحادیوں نے تجویز دی ہے کہ ابھی استعفوں کی منظوری میں جلد بازی نہ کی جائے اور پی ٹی آئی کے اراکین کو ایوان میں واپس لانے کی کوشش جاری رکھی جائیں کیونکہ تحریک انصاف کے متوسط اراکین اپنے استعفوں کی منظوری نہیں چاہتے،تحریک انصاف کے مستعفی اراکین نے ابھی تک سرکاری رہائش گاہیں بھی نہیں چھوڑیں۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق اتحادیوں جماعتوں کی جانب سے کہاگیا ہے کہ تحریک انصاف کے اکثریتی اراکین اسمبلی استعفے دینے کے مخالف ہیں اور وہ ایوان میں واپس آنا چاہتے ہیں اس لئے پی ٹی آئی قیادت نے ان اراکین کو سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے الگ الگ پیش ہونے سے منع کررکھا ہے،پارلیمانی ذرائع نے مزید بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے استعفوں کے معاملے پر وزیر اعظم شہبازشریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن سے مزیدمشاور ت کا فیصلہ کیا ہے اور فوری استعفوں کی منظوری چند دنوں کے لئے موخر کر دی ہے۔

منظوری موخر

مزید :

صفحہ آخر -