پشاور،رنگ روڈ پر قائم خفیہ اڈے کا سراغ لگا یا گیا
پشاور (کرائم رپورٹر) تھانہ سربند پولیس نے رنگ روڈ پر قائم خفیہ اڈے/ورکشاپ کا سراغ لگا لیا، خفیہ اڈے/ورکشاپ پر مسروقہ گاڑیوں کے انجن و چیسز نمبرات تبدیل کرنے سمیت مسروقہ گاڑیوں کے سپیئر پارٹس فروخت کئے جاتے تھے، خفیہ اطلاع پر ہونے والی کارروائی کے دوران ورکشاپ سے تین عدد مسروقہ گاڑیاں برآمد کر لی گئیں ہیں جبکہ اصل ملزمان کا سراغ لگانے اور گرفتاری کی خاطر ڈی ایس پی بڈھ بیر ملک حبیب کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ سربند پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ رنگ روڈ پر ایک خفیہ اڈہ/ ورکشاپ قائم کی گئی ہے جہاں مسروقہ گاڑیوں کے انجن چیسز نمبرات تبدیل کرنے سمیت گاڑیوں کو پارٹس کی شکل میں تبدیل کرنے کے بعد فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس پر ایس ایچ او تھانہ سربند سردار حسین نے فوری موقع پر پہنچ کر ورکشاپ سے تین عدد مسروقہ گاڑیاں برآمد کر لیں، برآمد گاڑیوں کے اصل مالکان اور ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کی خاطر ڈی ایس پی بڈھ بیر ملک حبیب کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، اسی طرح تھانہ سربند پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے