فلم رہبرا کے ٹائٹل سانگ کی ویڈیو کی رونمائی
کراچی(پ ر)رومان‘ مزاح اور ایکشن سے بھرپور فلم ”رہبرا“ کے ٹائٹل گانے کی ویڈیو کی رونمائی کردی گئی ہے۔ویڈیو کی رونمائی کے موقع پر میڈیا اور مشہور شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ یاد رہے کہ فلم ”رہبرا“ کے ہدایت کار امین اقبال ہیں جب کہ فلم کی پروڈیوسر ہیں سائرہ افضل۔ گانے کو دیکھنے والوں کی متفقہ رائے یہ تھی کہ ایک طویل عرصے کے بعد کسی پاکستانی فلم نے اتنا شاندار میوزک اور دل کو چھو لینے والی موسیقی پیش کی ہے۔ گانے کا ٹائٹل سانگ ”رہبرا“ عاصم اظہر نے گایا ہے جب کہ موسیقی ترتیب دی ہے سیماب سین نے۔ گانے کی مسحور کن دھن‘پاکستان کے شاندار منتخب مقامات پر اس گانے کی تصویر کشی کے ساتھ ساتھ دلکش ملبوسات اس گانے کو یادگار بنانے کیلئے کافی ہیں۔اس فلم کے مرکزی کردار عائشہ عمر اور احسن خان ہیں جبکہ دیگر نمایاں ناموں میں صبا فیصل‘ سہیل سمیر‘سریش خان‘ عدنان حیدر اور غلام محی الدین کے نام شامل ہیں۔رمل کے خصوصی ڈانس نمبر کے ساتھ فلم دیکھنے والوں کو اس میں بہترین اداکاری کے ساتھ ڈرامہ‘ رومانس اور مزاح سے محظوظ ہونے کا موقع میسر آئے گا جب کہ اس فلم کی جانب سے حاضرین کو ایک سماجی پیغام بھی دیا گیا ہے جسے یقینا عوامی پذیرائی حاصل ہوگی۔