کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم کے قیام کا اعلان کردیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن وومن ونگ کی جنرل منیجر سندھ، چیئرپرسن کے ایچ اے و صوبائی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ کو ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم کے قیام پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کی اصل خدمت کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنا اور ان کی مالی مشکلات کا حل نکالنا ہے، ناصر شاہ اور ان کی ٹیم نے بڑا کام کیا ہے، قومی کھیل کی خدمت کے لئے کے ڈی اے کی طرح دیگر سرکاری اور ملٹی نیشنل ادارے بھی آگے آئیں۔ ٹیم کے قیام پر اولمپئنز سمیع اللہ، اصلاح الدین، حنیف خان، ناصر علی، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز خان نے وزیر بلدیات اور ڈی جی کے ڈی اے کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اولمپیئنز کا کہنا ہے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے ان کی خدمات ہر لمحہ حاضر ہیں، پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید محمد علی شاہ کا محکمے میں ہاکی یم کے قیام پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔