نوازشریف کی طرف سے دی گئی گھڑی بھی بجاش خان نیازی کے گھر سے پولیس نے "چوری" کرلی

نوازشریف کی طرف سے دی گئی گھڑی بھی بجاش خان نیازی کے گھر سے پولیس نے "چوری" ...
نوازشریف کی طرف سے دی گئی گھڑی بھی بجاش خان نیازی کے گھر سے پولیس نے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )25 مئی کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دن پولیس نے کارروائی کے دوران گاڑیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے کا اعلان کیا اور بعد میں بتایا کہ وہ گاڑیاں بجاش نیازی کی تھیں جنہیں ایک نجی سوسائٹی میں روکا گیا تاہم اب اس معاملے پر بجاش نیازی خود میدان میں آ گئے ہیں اور حیران کن انکشافات کر دیئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس والے چھاپے کے دوران میرے گھر سے میری گھڑی بھی لے گئے جو نوازشریف نے مجھے تحفے میں دی تھی ۔

نجی ویب چینل’’ لیڈر ٹی وی‘‘ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں نیازی ایکسپریس 99 کے چیئرمین بجاش نیازی نے بتایا کہ میرے پاس یہ اسلحہ آج کا نہیں ہے بلکہ بہت عرصہ سے ہے ، ہم نیازی قبیلے سے ہیں ، شوق سے اسلحہ رکھتے ہیں اور ویسے بھی ہم گھروں میں اسلحہ رکھتے ہیں، ہم ٹرانسپورٹر ہیں، ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہمارے آپسی مسائل چلتے رہتے ہیں، لاہور سے ہٹ کر چھوٹے شہروں میں اور اس کی وجہ سے مجھے ساتھ بندے بھی رکھنے پڑتے ہیں جبکہ مجھے گاڑیوں کا شوق بھی بہت ہے ۔

بجاش نیازی نے کہا کہ میرا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعلق ختم نہیں ہواہے ، پچھلے الیکشن میں پی ٹی آئی کو سپورٹ کی ، کاروبار کی وجہ سے ٹائم نہیں دے پاتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کیلئے میر ی ذاتی نیازی ایکسپریس 99 کی کوئی بس استعمال نہیں ہوئی، اگر آپ مجھے دکھا دیں تو میں اس کا جرمانہ ادا کروں گااور سز ابھگتوں گا ، میرا اگر کسی میٹنگ میں یا اس مارچ سے متعلق کسی اور چیز میں تعلق ہو تو میں بالکل اپنی سزا قبول کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ میں چھاپے سے خوفزدہ ہو کر یہ بات نہیں کر رہاہوں ، یہ زندگی کا حصہ ہے ، ہمارے پاکستان کی ریت ہے کہ آپ کسی بھی ٹائم مشکل میں آ سکتے ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ میرے 12 سالہ بیٹے نے مجھے فون کر کے کہا کہ بابا ہمارے گھر میں پولیس کیوں آئی ہے ۔

بجاش نیازی کا کہناتھا کہ مجھے اس کی سمجھ نہیں آ رہی ، جو مجھے لگتا ہے کہ میری سابقہ پارٹی جس کیلئے میں 22 سال کام کیاہے ، وہ ایک نیازی لفظ سے چڑ کھا جاتے ہیں، میرا ن لیگ کے ساتھ 22 سال تعلق رہا ، میں لاہور یوتھ ونگ کا پریذیڈنٹ رہاہوں ، پارٹی کیلئے بہت سی خدمات انجام دی ہیں ، نوازشریف کے ساتھ پورا پاکستان بھی گھوما ہوں ۔میرے دوست کہتے ہیں کہ یہ سب کچھ اسی رنجش میں کیا گیاہے ، کسی نے تو کچھ کیاہے ، ورنہ اس طرح ایک شریف آدمی ایک بزنس مین کے ساتھ کون کر سکتاہے ۔

بجاش نیازی نے انکشاف کیا کہ پولیس نے میرے 28 ویپن پکڑے ہیں ، اس کی لسٹ بھی میں نے میڈیا کو دیدی ہے ، ایف آئی آر میں 22 ویپن لکھے گئے ہیں جبکہ میرے لائسنسوں کے مطابق میرے ویپن 29 ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب پولیس نے یہ کارروائی کی تو اس وقت گھر پر موجود نہیں تھا ، میں گھر سے نکلا ، ایک دوست ساتھ تھا اس کو چھوڑنے کیلئے گیا تھا کہ پیچھے سے گھر پر چھاپہ مار دیا گیا ، مجھے یہ بات کرتے ہوئے بھی شرم آتی ہے کیونکہ میرے بڑے عزیز پولیس میں ہے ، اور کافی عزیزوں نے شہادتیں بھی دی ہیں ، مجھے بتاتے ہوئے شرم آ رہی ہے کہ پولیس والے میرے قیمتی سٹڈ بھی اٹھا کر لے گئے ، تین چار جوتے اور گھڑیوں والا ڈبہ بھی اٹھا کر لے گئے ۔ان کو اس طرح نہیں کرنا چاہیے تھا، پولیس میں بہت اچھے لوگ بھی ہیں، میرے جوتے بہت قیمتی تھے وہ بھی باہر سے آئے ہوئے تھے ، شائد کسی کو پورے آ گئے ہوں تو اٹھا کر لے گئے ۔

بجاش نیازی نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گھڑیوں کے ڈبے میں ایک بہت ہی قیمتی کھڑی بھی تھی ، وہ گھڑی ایک اہم شخصیت نے مجھے تحفے میں دی تھی ، پاکستان کا ایک بڑا نام نوازشریف ہیں جس نے مجھے وہ گھڑی تحفے میں دی تھی ، میں ان کی گاڑی چلا رہا تھا کہ انہوں نے ایک ڈبی سے نکالی اور مجھے پکڑا دی ، مجھے وہ سین ابھی تک یاد ہے ، وہ میں نہیں بھول سکتا ، وہ گھڑی بھی اسی ڈبے میں موجود تھی ، پولیس اہلکار وہ ڈبہ ہی اٹھا کر لے گئے ، مجھے سارے سامان میں اس گھڑی کا زیادہ افسوس ہے ۔میرے لیے نوازشریف کی ابھی بھی ویسے ہی عزت ہے جیسے پہلے میرے دل میں تھی ۔

مزید :

قومی -