تحریک انصاف کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں کتنا نقصان ہوا ۔۔۔؟بریفنگ کے بعد وزیر اعلیٰ کا اظہار برہمی

لاہور(اپنے نمائندہ سے )وزیر اعلی پنجاب نے پارکس اینڈ ہارٹیکچر اتھارٹی کی جانب سے بروقت پودوں کے بیج نہ خریدنے پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت شہر لاھور کی خوبصورتی کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں خصوصی مشیر وزیراعلیٰ خواجہ احمد حسان، ماجد ظہور، افتخار احمد، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، کرنل (ر) مبشر جاوید، عمران گورایہ اور ڈی جی پی ایچ اے نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوئی اور اس جلسے سے پارک کو تقریباً50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ اجلاس میں
وزیراعلیٰ پنجاب کا سابق دور میں پودوں کے بیج بروقت نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔بروقت بیج نہ خریدنے کے حوالے سے انکوائری کا حکم بھی جاری کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی کا بورڈ جلد مکمل کیاجائے۔ جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کرکے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے۔ جلو بوٹینیکل پارک میں بٹرفلائی ہاؤس کو بھی جلد فنکشنل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پی ایچ اے کے معاملات کو شفاف طریقے سے چلایا جائے گا۔ کسی کی سفارش نہیں سنوں گا اورپی ایچ اے کو پوری سپورٹ دوں گا۔ فیصلوں پر پیش رفت کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔