فواد خان سے بڑا اداکار بننا چاہتا ہوں، آغا مصطفی حسن
لاہور(فلم رپورٹر) نوجوان اداکار آغا مصطفی حسن نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں فواد خان سے بڑے اداکار بننا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں منفی کے کردار ادا کرنے پر لوگ سوشل میڈیا پر گالیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے گھر والے ان کے اداکار بننے پر خوش نہیں تھے اور بھائیوں سمیت والد اور والدہ بھی انہیں شوبز میں نہ جانے کا کہتے رہتے تھے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک دن فواد خان سے بڑے اداکار بنیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف بھی کیا کہ اداکاری میں کوئی تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے شروع میں انہوں نے کئی کرداروں اور ڈراموں میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا اور ممکنہ طور پر ان کی اسی عادت کی وجہ سے ہی لوگوں نے انہیں کام کی پیش کش کرنا چھوڑ دی تھی۔
جس کی وجہ سے وہ تقریبا ڈیڑھ سال تک بے روزگار رہے جس سے مالی حالات انتہائی خراب ہوگئے اور ان کے پاس کھانے اور دودھ لینے سمیت سگریٹ خریدنے کے پیسے تک نہیں تھے۔ انہوں نے مشکل حالات کا ذکر کرتے ہوئے اپنے قریبی دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ انہوں نے ہی مشکل حالات میں ان کی مدد کی۔