بھارت: ریاست منی پور میں نسلی فسادات، فورسز کا کریک ڈاؤن 40 باغی ہلاک، متعدد دیہات نذر آتش

منی پور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں میں اضافہ ہونے کی اطلاعات آ رہی ہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق جھڑپوں میں 40 باغی ہلاک ہو گئے جبکہ 2روز کے دوران 2پولیس اہلکار بھی جان گنوا بیٹھے۔
"جیو نیوز " کے مطابق مطابق بھارت کی شمالی مشرقی ریاست منی پورمیں گزشتہ ہفتوں سے 2 گروپوں کے درمیان نسلی فسادات جاری ہیں جہاں باغیوں کی فورسز سے بھی جھڑپیں ہوئی جس میں متعدد باغیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی خبریں ہیں۔
منی پور کے وزیراعلیٰ بیرن سنگھ کا کہنا ہےکہ فورسز کے کریک ڈاؤن میں اب تک 40 سے زائد دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ گزشتہ 2روز کے دوران 2پولیس اہلکار بھی جان گنوا بیٹھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگرد عام شہریوں کے خلاف ایم 16، اے کے 47 اور اسنائپر گنز استعمال کررہے ہیں اورانہوں نے متعدد دیہاتوں کو بھی نذر آتش کردیا ہے جس کے بعد ہم نے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے جس میں فوج اور دیگر فورسز کی بھی مدد لی گئی ہے۔