گلوکارہ ایوا بی کی گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی میں شاندار پرفارمنس

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف گلوکارہ اور ریپر ایوا بی نے موسیقی کے سب سے بڑے پلیٹ فارم گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کیلئے شاندار پرفارمنس دے کر سب کے دل جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق گلوکارہ نے حال ہی میں گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کے گلوبل سپن کے لیے اپنے ریپ ٹریک سن رائز ان لیاری پر شاندار پرفارمنس دی ہے۔ ویڈیو میں کراچی کے ایک پسماندہ علاقے لیاری کی گلیوں کو دکھایا گیا ہے جہاں ایوا بی بلوچی زبان میں اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگا رہی ہیں۔ گلوبل سپن کے مطابق ایوا بی نے یہ گانا خصوصی طور پر اسی گریمی پلیٹ فارم کے لیے لکھا تھا۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں گلوکارہ کو روایتی بلوچی لباس، حجاب اور نقاب کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایوا بی نے بتایا کہ" گریمی کی جانب سے گلوبل سپن سیریز کے لیے پرفارمنس دینا میرا ایک خوب تھا جو اب پورا ہوچکا ہے، میرے لیے یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ میں نامور عالمی پلیٹ فارمز پر اپنی موسیقی کے ذریعے اپنے ملک اور لیاری کی نمائندگی کررہی ہوں۔"گریمی ریکارڈنگ اکیڈمی کا گلوبل سپن ایک پرفارمنس سیریز ہے جو فنکاروں اور موسیقاروں کو عالمی سطح پر پرفارم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے.