تحریک انصاف کے مزید 6شرپسندوں کو فوجی عدالت کے حوالے کر دیا گیا ، تعداد کتنی ہو گئی ؟ جانیے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کے مزید 6 شرپسندوں کو فوجی عدالت کے حوالے کردیا گیا۔
نجی ٹی وی" ایکسپریس نیوز" نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ فوجی عدالتوں کے حوالے کیے جانے والے شرپسندوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ ان افراد کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد حساس تنصیبات پر حملے کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کو تفتیش اور ٹرائل کے لیے فوجی عدالتوں کے حوالے کیا گیا ہے۔ ملٹری کورٹس کو دئیے جانے والے کیسز کے ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے گئے ہیں۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں میں دیئے جانے والے شرپسند براہ راست جناح ہاؤس و دیگر حساس تنصیبات کی حدود کے اندر جلاؤ گھیراؤ کرتے رہے۔ شواہد کی تصدیق ہونے پر کیسز منتقل کیے گئے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے ذریعے شرپسندوں کی حوالگی کی گئی۔ مزید گرفتار شرپسندوں کے 9 مئی کے واقعات میں کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔