اوکاڑہ میں آدمی نے 15 پر کال کرکے ایسی بات کہہ دی کہ اسے ہی گرفتار کرلیا گیا
حویلی لکھا(مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع اوکاڑہ کے شہر حویلی لکھا میں پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کرکے بم دھماکے کی جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق ملزم کی طرف سے کال کرکے پولیس کو بتایا گیا تھا کہ حویلی لکھا ریلوے سٹیشن کے قریب واقع کرمانوالہ مسجد میں بم دھماکہ ہوا ہے۔
اس جھوٹی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اس علاقے میں پہنچ گئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے کرمانوالہ مسجد پہنچنے پر انہیں مقامی لوگوں کی طرف سے بتایا گیا کہ یہاں کوئی بم دھماکہ نہیں ہوا بلکہ کسی شخص نے آتش بازی کی تھی۔
پولیس نے موبائل فون نمبر کے ذریعے کال کرنے والے شخص کا سراغ لگا کر اسے حراست میں لے لیا۔ ملزم کی شناخت شان علی کے نام سے بتائی گئی ہے۔ ملزم کے خلاف ٹیلیگراف ایکٹ 1885کے سیکشن 29ڈی کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔