تحریک انصاف کا 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان، شریف برادران ٹیکس چوروں کیلئے سکیمیں لاتے ہیں : عمران خان
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کا تاجروں اور صنعتکاروں کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کا اعلان کالا دھن سفید کرنے کا ایک اور موقع ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ڈرون حملوں پر امریکہ سے مک مکا کر لیا ہے، مذمت کے سوا کچھ نہیں کرے گی۔ حکومت مہنگائی کم کر سکی ہے اور نہ ڈرون حملے، ہمیں طالبان کا حمایتی کہنے والے خود امریکی غلام ہیں۔ پرویز رشید امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، امریکہ 10سال تک افغانستان میں رہے گا تو اس کا مطلب ہے 10 سال تک پاکستان میں ڈرون حملے ہوں گے، کیا حکیم اللہ محسود کو پہلے نہیں مارا جا سکتا تھا؟ لیکن جو پاکستان میں امن نہیں دیکھنا چاہتے انہوں نے ڈرون حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ سے لڑنا نہیں چاہتے بلکہ ملک کو امریکی غلامی سے نکالنا چاہتے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ شریف بردارن صرف ٹیکس چوروں اور بدعنوان لوگوں لیے سکیمیں لاتے ہیں۔ نواز شریف کی نئی سکیم کے ذریعے ٹیکس چوروں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی، ایماندار اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ امن نہیں ہو گا تو سرمایہ کاری کہاں سے آئے گی، جب تک دہشت گردی کی نام نہاد جنگ جاری ہے کوئی سرمایہ کار پاکستان نہیں آئے گا۔ عمران خان نے کہاکہ آرمی چیف کے لئے تعیناتی کی بحث سے ان کا کوئی سروکار نہیں، وزیر اعظم جس کو چاہیں آرمی چیف بنائیں، ہم نے آرمی کے کندھے پر چڑھ کر نہیں بلکہ عوام کے کندھوں پر آنا ہے۔