ورلڈ مارشل آرٹ ، قومی ٹیم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑدیئے

ورلڈ مارشل آرٹ ، قومی ٹیم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑدیئے

  



باکو(اے این این )آذربائیجان میں منعقدہ ورلڈ مارشل آرٹ الپاگت چیمپیئن شپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی اور 6 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے مختلف کیٹگریز میں 3 گولڈ، 2 سلور اور دو برونز میڈل حاصل کیے۔آذربائیجان کے شہر باکو میں منعقدہ ورلڈ مارشل آرٹ الپاگت چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت سمیت 15 ممالک سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں عبدالمنان اچکزئی، عزیزاللہ خان اور نصیب اللہ شامل تھے۔ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ان تینوں کھلاڑیوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے جبکہ عزیز اللہ اور نصیب اللہ رشتے میں باپ اور بیٹے ہیں۔عزیز اللہ خان نے فائنل مقابلے میں بھارتی کھلاڑی اور ان کے بیٹے نصیب اللہ نے ترکی کے کھلاڑی کو شکست دی جب کہ عبدالمنان اچکزئی نے اپنی کیٹگری کے فائنل مقابلے میں آذربائیجان کے کھلاڑی کو شکست دی۔ کوئٹہ کے عبدالمنان اچکزئی نے ایک کیٹگری میں سلور میڈل بھی حاصل کیا۔ ان کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کے محمد نذیر نے سلور میڈل حاصل کیا جبکہ برونز میڈل حاصل کرنے والوں میں کراچی کے عبداللہ خان خلجی اور کوئٹہ کے کامران پرکانی شامل ہیں۔چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم چھ کھلاڑیوں اور دو آفیشلز پر مشتمل تھی، جن میں پاکستان الپاگت فیڈریشن کے عہدیدار جلال الدین ترین اور محمد قاسم شامل تھے۔محمد قاسم نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا۔ا نہوں نے کہا ہے کہ اگر مواقع ملے تو پاکستانی کھلاڑی اسی طرح کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی