صوبائی وزیر بلدیات شہر ام خان تر کئی کے زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

صوبائی وزیر بلدیات شہر ام خان تر کئی کے زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات الیکشنز ودیہی ترقی شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت بدھ کے روز پشاور میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کالو خان ہسپتال صوابی کی کیٹیگری ڈی سے کیٹیگری سی میں اپ گریڈیشن کے بعد اس کی عمارت کی توسیع،نئے بلاکس کی تعمیر اورزمین کے حصول سے متعلق تفصیلی غور و خوض ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ جمیل فاروق،چیف پلاننگ آفیسر ہیلتھ شیر گل خان،ڈی ایچ او صوابی ڈاکٹر نیاز محمد،سی اینڈ ڈبلیو حکام اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلا س میں ہسپتال کی توسیع سے متعلق کئی دیگر امور زیر بحث آئے جن میں فنڈز کی دستیابی، نئے بلاکس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود عمارت کی تزین و آرائش اور طبی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔صوبائی وزیر بلدیات نے ہسپتال کے توسیع منصوبے پر کام جلد سے جلد شروع کرنے پر زور دیا اور حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے ایمرجنسی سے متعلق شعبہ جات کوعمارت کے نچلے/ گراؤنڈفلور پر رکھا جائے تاکہ زخمی،نحیف اور ضیعف العمر مریض پریشانی اور دشواری کاسامنا کیے بغیر طبی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔شہرام خان ترکئی نے صحت حکام پر زور دیا کہ وہ تمام تر ضروری محکمانہ کارروائی کو جلداز جلدحتمی شکل دے کر توسیع منصوبے پرعملی طور پر کام کا آغاز کریں تاکہ علاقہ مکین صحت کی جدیدسہولیات سے مستفید ہوسکیں۔ وزیربلدیات کا کہنا تھاکہ عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔