ووٹ کا اندراج یا منتقلی شناختی کارڈ کے دونوں پتو ں پر ہو سکے گی ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر
الپوری(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شانگلہ بختیار الملک نے کہا ہے کہ ووٹ کا اندراج یا منتقلی اب صرف قومی شناختی کارڈ پردرج مستقل یا عارضی پتہ پر ہی ہوسکے گا ،الیکشنز ایکٹ 2017کے سیکشن 27کے مطابق اب ووٹ کا اندراج یا منتقلی صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کیا جائیگا ، صرف سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ ووٹ کا اندراج کروا سکتے ہیں ، جہاں وہ خاندان کے ساتھ ڈیوٹی سر انجام دینے کے لئے عارضی رہائش پذیر ہو۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اخباری نمائندوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔اس موقع پراسسٹنٹ علی رحمان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انھوں نے کہا کہ ضلع شانگلہ سے تعلق رکھنے والے تمام ووٹرز ، مرد اور خواتین حضرات کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ31دسمبر تک اپنے ووٹ کو شناختی کارڈ پر درج پتہ کے مطابق منتقل کروائے، اس مقصد کیلئے مذکورہ اندراجات کے تمام فارمز دفتر میں موجود ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ویب سائیٹ (www.ecp.gov.pk)سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ مذکورہ فارم مکمل طور پر پر کرکے بمعہ شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی ساتھ لف کیا جائے دفتر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شانگلہ بمقام کالج روڈ الپورئ میں جمع کریں ۔ یاد رہے کہ الیکشن رولز 2017کے مطابق فارم 21درخواست گزار خود جمع کروائے گا ۔ یا اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد ، والدہ ، خاوند ، بیوی ، بیٹے ، بیٹی بھی جمع کروا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن 27کے مطابق 31دسمبر کے بعد تمام رائے دہندہ گان جن کے ووٹ کا اندراج شناختی کاقرڈ میں موجود مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق نہیں ہوگا تو ایسے تمام ووٹ غیر مؤثر تصور ہونگے یعنی الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشنز 37،40اور الیکشن رولز 41کی روشنی میں شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر درج کردئے جائیں گے ۔ مزید ہر قسم معلومات کیلئے دفتری نمبر 0996-850046پر معلومات حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ ووٹ کے اندراج کے تفصیل کیلئے شناختی کارڈ کا نمبر 8300پر مسج کرکے بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ووٹر ز کی اسانی کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کا دفتر ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلا رکھاجائیگا۔ ۔