ای کامرس کی قومی مارکیٹ کا حجم 99.3 ارب روپے تک بڑھ گیا
اسلام آباد( آن لائن )گزشتہ مالی سال2017-18 کے دوران ای کامرس کی قومی مارکیٹ میں 92 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور دوران سال ای کامرس مارکیٹ کا مجموعی حجم 99.3 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2016-17 کے دوران شعبہ مارکیٹ کا حجم51.8 ارب روپے رہا تھا ۔ اس طرح مالی سال 2016-17 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2018 کے دوران ای کامرس کی مقامی مارکیٹ کی شرح نمو 92 فیصد تک بڑھ گئی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) کی سالانہ رپورٹ 2018 کے مطابق ملک میں ای کامرس کے کاروبار کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں کیونکہ اب تک ملک کی مجموعی ریٹیل مارکیٹ میں ای کامرس کے ذریعے کئے جانے والے کاروبار کا تناسب صرف ایک فیصد ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال2017-18 کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیوں کامجموعی حجم 40.1 ارب روپے رہا ہے جس میں کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈز، انٹربینک فنڈز ٹرانسفرز اور موبائل فون کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیاں وغیرہ شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2016-17کے دوران ڈیجیٹل پے منٹس کا مجموعی حجم 20.7 ارب روپے رہا تھا۔ اس طرح مالی سال 2016-17 کے مقابلہ میں مالی سال 2017-18 کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیوں کے حجم میں 93.7 فیصد یعنی 19.4 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق آئند دو سال کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیوں کی شرح میں اوسط سالانہ 25 فیصدکے اضافہ کی توقع ہے۔