بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کی جارہی ہے ،اقبال حسین
سخاکوٹ (نمائندہ پاکستان ) ڈپٹی کمشنر ملاکنڈو کمانڈنٹ لیویز فورس اقبال حسین نے کہا ہے کہ جرائم و بدامنی سے پاک مامعاشرے کا قیام جبکہ منشیات سمیت ٹریفک جام تجاوزات اور گران فروشی کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے جوکہ انتظامیہ اور شہریوں کے باہمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے لیویز لائن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا انھوں نے کہاکہ صحا فی سوسائٹی کی آنکھ اور کان ہیں ان کی رہنمائی اور مشاورت کے بغیر کسی بھی مقصد کا حصول ناممکن ہے لیویز کی کارکردگی بارے ان کا کہنا تھا کہ بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود ہو تی ہے جبکہ لیویز کو مذید موثر بنانے اور تھانوں کے ماحول میں مثبت تبدیلی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے انھوں نے کہاکہ تینوں تحصیل بٹ خیلہ تھانہ بائزئی اور درگئی کے ٹی ایم ایز کے اصل فرائض یعنی میونسپل سروسز کی ڈیلیوری اور اسے زیادہ سے زیادہ مفادعامہ کے قابل بنانے کیلئے لا ئحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے انھوں نے کہاکہ بڑے شہروں میں ٹریفک کنٹرول اور حادثات کی روک تھام کیلئے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر پابند ی عائد کی جارہی ہے جبکہ ون ویلنگ کے خلاف بھی کریک ڈاؤن ہو گا اس کے علاوہ اس مہم کو قابل عمل بنانے کیلئے عنقریب پمپ مالکان کو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول نہ دینے کا پابند کیا جا رہا ہے انھوں نے ان اقدامات میں عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ۔