پاکستان کیساتھ ترجیحی تجارت کامعاہدہ اگلے سال طے پاجائیگا‘ تیونسی سفیر

پاکستان کیساتھ ترجیحی تجارت کامعاہدہ اگلے سال طے پاجائیگا‘ تیونسی سفیر

  



لاہور (ا ین این آئی)تیونس کے سفیر عادل ایلاربی نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات میں کہا ہے کہ تیونس اور پاکستان کے درمیان ترجیحی تجارت کے معاہدے پر کام جاری ہے، امید ہے کہ 2019ء کے اوائل میں اس پر دستخط ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت تجارت کے لیے مصنوعات کی فہرست کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیونس افریقی ، یورپین اور عرب ممالک کے قریب واقع ہے،پاکستانی تاجروں کو اس کی بہترین جغرافیائی حیثیت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے تجربے اور مہارت کے ذریعے افریقی ممالک کی بہت مدد کی ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستانیوں کی تہہ دل سے قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے تجارتی معلومات اور تجارتی وفود کے تبادلے پر زور دیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان اور تیونس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں، ان کی کاروباری برادری کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا اور باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں کمی تشویشناک ہے، گذشتہ تین سال کے دوران باہمی تجارت 31ملین ڈالر سے کم ہوکر 26ملین ڈالر ہوگئیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کو تجارت کے قابل نئی مصنوعات متعارف کرانی اور تجارتی وفود کے تبادلے پر توجہ دینی چاہیے۔

مزید : کامرس


loading...