سبز باغ دکھانے والی تبدیلی سرکار نے 100دنوں میں عوام کو مایوس کیا،اشرف بھٹی
لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی لاہورکے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے سودن پر پیپلز پارٹی لاہور کی طرف سے وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو سبز باغ دکھانے والی تبدیلی سرکار نے اپنے ابتدائی 100دنوں میں عوام کو سخت مایوس کیا ہے ،یوٹرن خان کی حکومت میں مہنگائی کی شرح 8.5 فیصد تک پہنچ چکی ہے،100دن میں ترسیلات زر 2.04 ارب ڈالر سے کم ہوکر 2ارب ڈالر رہ گئیں ،ترقیاتی بجٹ میں 325ارب روپے کی کٹوتی کی وجہ سے سیکڑوں منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔
،100دن میں پاکستانی کرنسی کی بے قدری کی انتہا ہو گئی، ڈالر 124سے بڑھ کر 134روپے تک پہنچ گیا ، درآمدات اگست 2018ء میں 4.46بلین ڈالر تھیں جو بڑھ کر اکتوبر 2018ء میں 4.72ڈالر تک پہنچ گئیں ، برآمدات اگست میں 2.09بلین ڈالر تھیں اکتوبر میں کم ہوکر 2.06 بلین ڈالر رہ گئی ہیں ،100 دن میں جاری کھاتوں میں خسارہ جو جولائی میں 3.48بلین ڈالر تھا بڑھ کراکتوبر 10.5 بلین ڈالر تک پہنچ چکا ،نومبر2017ء کے اور نومبر 2018ء کے اختتام کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں 4فیصد اضافہ ہوا، بجلی پر146ارب روپے کہ سبسڈی ختم کردی گئی ہے ،گیس کی قیمتوں میں بھی 140فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی حکومت کے پہلے100 دن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 7روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا تمام ،امپورٹڈ ایشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں ایک فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ روٹی ،صابن دال، تیل ،گھی ،چاول ،چائے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا ستمبر کے دوران بجٹ خسارہ 5کھرب 41 ارب 67 کروڑ رہا ہے جو جی ڈی پی کا 1.4فیصد ہے ،جولائی تا ستمبر 11کھرب 2 ارب روپے مجموعی ریونیو جمع ہوا ہے جبکہ ایک کھرب26ارب89کروڑ روپے نان ٹیکس ریونیو جمع کیا گیا،وفاقی ٹیکس ریونیو 8 کھرب 86 ارب58کروڑ روپے جمع کیا گیاہے جبکہ صوبائی ٹیکس ریونیو میں 88ارب62کروڑ روپے جمع کیے گئے۔ جولائی تا ستمبر مجموعی اخراجات 16 کھرب 43 ارب 77کروڑ روپے ہوئے ، سود کی مد میں 5 کھرب 7 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے ،پی ٹی آئی حکومت ایف بی آر کے نظام میں تبدیلی نہ لاسکی ، ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں ہدف سے 80ارب کم ٹیکس اکٹھا کیا ہے۔