ڈیری فارمز پر چھاپے،ناقص انتظامات پر ایک سیل،متعدد کو وارننگ

ڈیری فارمز پر چھاپے،ناقص انتظامات پر ایک سیل،متعدد کو وارننگ

  



لاہور(جنرل رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈا تھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پر ڈیری سیفٹی ٹیموں نے کھلے دودھ کی سپلائی اور ڈبہ بند دودھ کے بعد ڈیری فارمز کی چیکنگ کی۔صوبہ بھر میں163ڈیری فارمز کی چیکنگ کرتے ہوئے ناقص انتظامات پر ڈیری فارم سیل کرتے ہوئے متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے ۔ بھاری مقدار میں ممنوعہ ٹیکے برآمد کرتے ہو ئے 3فارمزکو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور زون میں47، راولپنڈی 67، بہاولپور میں 36 اور رحیم یارخان زون میں 13 فارمز کا معائنہ کیا گیا۔فیصل آباد میں چیکنگ کے دوران دودھ میں ملاوٹ اور انتہائی ناقص انتظامات کی بناء پر ایک ڈیری فارم کو سیل کر دیاگیا۔دودھ کی مقدارکوبڑھانے کیلئے مضر صحت آکسی ٹوسن ٹیکوں کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاکہنا تھا کہ ناقص دودھ کی سپلائی کے خلاف ہر سطح پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں اب تک 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد ملاوٹی دودھ تلف کر چکی ہے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیری فارمز کو چیک کرنے کا مقصد بھینسوں کو ٹیکے لگانے کی چیکنگ کرنا تھا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1