نئے بلدیاتی نظام کا بل حتمی مرحلے میں ہے ، ہر شہر،گاؤں فوکس، علیم خان

نئے بلدیاتی نظام کا بل حتمی مرحلے میں ہے ، ہر شہر،گاؤں فوکس، علیم خان

  



لاہور(جنرل رپورٹر )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام میں ہر شہر اور گاؤں کو فوکس کیا جائیگا جہاں آ بادی کے لحاظ سے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے سمیت روایتی نظام سے ہٹ کر ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغازکیا جائیگا،گزشتہ روزقصور و ننکانہ صاحب کے اضلاع سے ملاقات کیلئے آنیوالی اہم شخصیات پر مشتمل وفود سے گفتگومیں انکامزید کہنا تھا پنجاب میں نئی حلقہ بندیاں ہونگی ، بلد یاتی بل آخری مرحلے میں ہے ،ویلج اور نیبر ہڈ کونسلز میں مقامی شہریوں کو بھرپور نمائندگی دیں گے جبکہ پنچائت سسٹم دیہی علاقوں میں حقیقی تر قی کا باعث ہو گا ، سالانہ ترقیاتی پروگرام کا 30فیصد فنڈکونسلز کو جائے گا جبکہ گاؤں کی سطح پر بھی ترقیاتی منصوبے شروع ہونگے، نئے بلدیا تی نظام کو کامیاب بنانے کیلئے لوگوں کو اونر شپ دیں گے تاکہ اس نظام کو زیادہ سے زیادہ دیرپا بنایا جا سکے ، کرپشن میں کمی کیلئے ٹھوس منصوبہ بند ی کی جا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے نیا آڈٹ سسٹم تشکیل دے رہے ہیں جبکہ بلدیاتی اداروں کی کمپیوٹرائزیشن اور عملے کی مناسب تربیت کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے ، گزشتہ3ماہ سے بلدیاتی امور کیلئے سرگرم عمل ہیں اور مختلف اضلاع کے رہنماؤں سے مشاورت بھی اسی عمل کا حصہ ہے ،انہوں نے بالخصوص ضلع قصور میں بلدیاتی نمائندوں میں تحریک انصاف کی اکثریت کا ذکر کرتے ہوئے کہا مستقبل میں بھی انشاء اللہ پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ، نواز لیگ نے دانستہ طور پر پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو تباہ کیا اور شہباز شریف نے تمام اختیا را ت اپنے ہاتھ میں رکھے تاکہ ایک ایک پائی پر خود قبضہ جما سکیں لیکن موجودہ حکومت اختیارات کی نچلے درجے تک تقسیم چاہتی ہے جس کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں،سینئر وزیر سے ملاقات کرنیوالوں میں ایم این اے بریگیڈئیر (ر) اعجاز علی شاہ ،ایم پی اے میاں عا طف ،مون خان ، ارشد ساہی اور قصور سے صوبائی وزیر کرنل ہاشم ڈوگر ،مسز مسعود بھٹی ،ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی ، راشد طفیل ، مقصود صابر انصا ر ی ،سردار نادر ،محمد حسین ڈوگر،رانا محمد اسلم اور محمد اعظم شامل تھے،انہون نے اپنے اپنے اضلاع کی سیاسی صورتحال،نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ،سینئر وزیر کی نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے ان تھک کاوشوں کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...