وزیراعلیٰ شکایت سینٹر کا افتتاح، مسئلہ تین دن سے دو ہفتے میں حل ہوگا،عثمان بزدار

وزیراعلیٰ شکایت سینٹر کا افتتاح، مسئلہ تین دن سے دو ہفتے میں حل ہوگا،عثمان ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعلیٰ شکایت سینٹرکا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ نے بٹن دبا کر وزیراعلیٰ شکایت سینٹر کا افتتاح کیا اورہیلپ لائن پر شہری کی شکایت بھی سنی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شکایت سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہآج پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنا ایک اور وعد ہ پورا کررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں وزیراعلیٰ شکایت سینٹر قائم کیا گیاہے۔ ابتدائی طو رپرصحت ،تعلیم ، پولیس اور ڈی سی آفس سے متعلق شکایات مخصوص نمبر پر درج کرائی جا سکیں گی کیونکہ عام لوگوں کے مسائل کو فوری حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، تاہم وزیراعلیٰ شکایت سینٹر کا دائرہ کارپنجاب بھر میں بڑھائیں گے۔اس سینٹر کے فعال ہونے سے گاؤں ،تحصیل اورضلع کی سطح پر شکایات کا ازالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دوردراز علاقوں سے لوگ اپنے مسئلے کے ازالے کے لئے وزیراعلیٰ آفس نہیں پہنچ سکتے ، اس سینٹر کے باعث ان لوگوں کو سہولت ملے گی۔میں نے دفاتر میں بھی اوپن ڈور پالیسی اپنارکھی ہے ۔دفاتر میں چٹ سسٹم کا خاتمہ کردیاگیاہے۔ وزیراعلیٰ شکایت سینٹر کوخود مانیٹر کروں گا اور اس سینٹر کو موثر اورفعال بنائیں گے۔ میڈیا سے بھی فیڈ بیک لوں گا۔ شکایت سینٹر میں آنے والا مسئلہ تین دن سے دو ہفتے میں حل ہوگا۔سینٹر میں درج ہونے والے مسئلے پر فوری رسپانس سامنے آئے گا۔میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کاشاہد ہوں۔میں پسماندہ ترین علاقے سے ایم پی اے بنا ہوں اورمجھے اپنے علاقے کے مسائل سے مکمل آگاہی ہے ۔ جنوبی پنجاب کے صوبے کے حوالے سے کام ہورہا ہے ۔ وفاق اورپنجاب میں اس ضمن میں علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں ۔وزیراعظم عمران خان جنوبی پنجاب کے پیکیج کا اعلان کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر