پیپلز پارٹی کو کبھی اقتدار نہیں ہمیشہ ذمہ داری ملی، قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی کو کبھی اقتدار نہیں ہمیشہ ذمہ داری ملی، قمر زمان کائرہ

  



لاہور (این این آئی) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو کبھی اقتدار نہیں بلکہ ہمیشہ ذمہ داری ملی ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی میں ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام پارٹی کے اکاون ویں یوم تاسیس کے حوالے سے پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ پنجاب میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حسن مرتضیٰ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کل بھی ملک کے مسائل پی پی پی نے حل کئے اب بھی پی پی پی حل کرے گی، معاشی ، سیاسی، سماجی انصاف یہ صرف پی پی پی ہی فراہم کر سکتی ہے، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے چیلینجز کا مقابلہ بھی پی پی ہی کر سکتی ہے، ہم نے اس ملک کی جمہوریت، معاشی، سماجی اور سیاسی انصاف کیلئے جانیں دی ہیں، بھٹو، بینظیر شہید اور ان کے بھائی اور سینکڑوں جیالے اس ملک پر جان نچھاور کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان میں بحرانوں کا شکار ہے، اب اس ملک کو نوجوان قائد بلاول بھٹو کی قیادت میں بحرانوں سے نکالیں گے۔

مزید : صفحہ آخر